• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا کی وبا قدرت کی جانب سے ہمارے لیے تنبیہ ہے، پرنس ہیری

لندن (مانیٹرنگ ڈیسک)برطانیہ کے شہزادے ہیری نے موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے اقدامات کا مطالبہ کرتے ہوئے عندیہ دیا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا قدرت کی جانب سے ہمارے لیے تنبیہ ہے۔

موسمیاتی ڈاکو مینٹریز اسٹریم کرنے والے ایک پلیٹ فارم کے چیف ایگزیکٹیو سے بات کرتے ہوئے شہزدہ ہیری نے کہا ʼکسی نے وبا کے آغاز پر مجھے کہا تھا کہ یہ قدرت ہے جس نے ہمیں ہمارے برے رویے پر کمروں میں بھیج دیا ، تاکہ یہ سوچنے کا لمحہ مل سکے کہ ہم نے اب تک کیا کردیا ہے۔

انہوں نے کہا ʼاس نے مجھے یاد دہانی کرائی کہ ہم کس طرح ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں، نہ صرف لوگ بلکہ قدرت کے ذریعے بھی، ہم نے فطرت سے بہت کچھ حاصل کیا مگر بہت کم ہی واپس کیا۔

شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن شاہی خاندان سے علیحدگی کے بعد سے اکثر نسلی امتیاز اور ماحولیات کے مسائل پر بات کرتے رہتے ہیں۔

برطانوی شہزادے نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ زمین کی مرمت میں مدد فراہم کریں۔ان کا کہنا تھا ʼبارش کا ہر قطرہ آسمان سے گر کر خشک زمین کو سکون پہنچاتا ہے، اس وقت کیا ہو اگر ہم سب بارش کا ایک قطرہ ہوں؟ کیا بارش کا ہر قطرہ ہمارے لیے اہمیت رکھتا ہے؟ ہاں رکھتا ہے کیونکہ قدرت ہی ہماری زندگی کا وسیلہ ہے۔

کورونا وائرس کی وبا کے آغاز سے سائنسدانوں کی جانب سے خبردار کیا جاتا ہے کہ جنگلات کی کٹائی، ایکوسسٹم کی تباہی اور جنگلی حیات کی غیرقانونی تجارت کے نتیجے میں جانوروں سے انسانوں میں امراض کے پھیلاؤ کا خطرہ بڑھ چکا ہے۔

سائنسدانوں کی جانب سے اس کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات کے لیے زور دیا جارہا ہے۔

تازہ ترین