• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اتھارٹی مرکزی اتھارٹی میں تبدیل

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ نے شہر میں صفائی ستھرائی کیلئے نئی مہم چلانے کی ہدایت کر دی ، ڈی ایم سی، واٹر بورڈ اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کو بھی مہم میں شامل کیا جائے ، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اتھارٹی مرکزی اتھارٹی میں تبدیل ،نوٹیفکیشن چند روز میں جاری کردیا جائے گا وزیراعلیٰ سندھ نے محکمہ بلدیات کو ہدایت کی ہے کہ وہ سیزن سے وابستہ افسر کو بطور ایگزیکٹو ڈائریکٹر برائے کراچی سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اتھارٹی تعینات کریں۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی شہر کو صاف ستھرا رکھنے کیلئے بلدیاتی اداروں کو نئی مہم کا آغاز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے یہ ہدایات شہر میں جاری ترقیاتی اسکیموں کا جائزہ لینے کیلئے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ جن گلیوں میں گندگی یا خستہ حال نظام کی وجہ سے گٹر بہہ رہے ہیں ان کی بحالی اور مرمت کی جائے اور مزید کہا کہ صفائی کی نئی مہم میں جھاڑو دینا، کچرا اٹھانا، گندے علاقوں کی دھلائی اور نکاسی آب کے نظام کی مرمت شامل ہے اور وزیر بلدیات کو ہدایت کی ہے کہ مہم کے اس کام میں ڈی ایم سی، واٹر بورڈ اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کو شامل کریں۔ وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا گیا کہ کراچی کیلئے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اتھارٹی کو مرکزی اتھارٹی میں تبدیل کردیا گیا ہے اور اس کا نوٹیفکیشن آئندہ چند روز میں جاری کردیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے محکمہ بلدیات کو ہدایت کی ہے کہ وہ سیزن سے وابستہ افسر کو بطور ایگزیکٹو ڈائریکٹر برائے کراچی سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اتھارٹی تعینات کریں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ وہ صفائی ستھرائی کے کاموں، سڑکوں اور برساتی پانی کی نالوں کی تعمیر نو کے کام کو جاری رکھنے کا جائزہ لینے کیلئے رات کے کسی بھی اوقات میں شہر کا رخ کریں گے اور اس کیلئے کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

تازہ ترین