• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا فنڈز میں کرپشن کے ثبوت لایا ہوں، اکرم درانی

خیبر پختون خوا اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف اکرم خان درانی نے الزام عائد کیا ہے کہ وزیرِ صحت خیبر پختون خوا نہیں چاہتے تھے کہ میں آڈٹ رپورٹ اسمبلی میں پیش کر سکوں، آج میں کورونا فنڈز میں کرپشن کے ثبوت لایا ہوں۔

پشاور میں پریس کانفرنس کرتےہوئے خیبر پختون خوا اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اکرم خان درانی نے کہا کہ پی ٹی آئی کا کرپشن فری پاکستان کا نعرہ تھا۔

انہوں نے کہا کہ آج بھی پی ٹی آئی والے قوم کو بتا رہے ہیں کہ پچھلے ادوار میں کرپشن ہوئی تھی، پی ٹی آئی اور عمران خان نے پاکستان کو برباد کیا ہے۔

اکرم خان درانی نے کہا کہ ہیلتھ کارڈ پروگرام میں پہلے اپنے لوگوں کو نوازا گیا، شوکت یوسف زئی نے کہا تھا کہ کورونا فنڈز میں کرپشن کے ثبوت لائیں، آج میں کورونا فنڈز میں کرپشن کے ثبوت لایا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ میں نے 15 آئٹمز میں کرپشن کی بات کی، مجموعی طور پر 50 آئٹمز میں کرپشن ہوئی ہے، کورونا وائرس کی وباء کے دوران قواعد و ضوابط کے خلاف ادویات کی خریداری کی گئی۔

اپوزیشن لیڈر کے پی کے نے کہا کہ 49 کروڑ روپے بینکس میں منافع کے لیے رکھے گئے تھے، بغیر ٹینڈر کے سرجیکل دستانوں کی خریداری ہوئی۔

انہوں نےکہا کہ شوکت خانم ٹیم پر ہوٹل میں 1 کروڑ 58 لاکھ روپے خرچ کیئے گئے، آڈٹ رپورٹ کے مطابق من پسند افراد کو ٹھیکے دیئے گئے۔

اکرم درانی کا کہنا ہے کہ 6 کروڑ، 55 لاکھ روپے استعمال ہی نہیں کیئے گئے، ڈیڑھ کروڑ روپے کے مہنگے ماسک خریدے گئے، 1 کورونا ٹمپریچر آلہ 2 ہزار 227 روپے کا ہے، جو حکومت نے 26 ہزار روپے میں خریدا ہے۔


کے پی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ حکومت جھوٹ بولنے میں مہارت رکھتی ہے، صحافیوں کو بے روزگار کیا گیا، چینلز پر پابندیاں مارشل لاء سے بڑھ کر لگائی گئیں۔

انہوں نے کہا کہ مریضوں کو اسپتالوں میں داخل نہیں کیا جا رہا، میرے بیٹے کو بھی داخل نہیں کیا گیا، ایک بچی کو جلایا گیا ایک ماہ گزر گیا، مگراس کی تحقیقات میں کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔

اکرم درانی نے کہا کہ وزیرِاعلیٰ کمزور اور عمران خان کے کزن کے سامنے بے بس ہیں، صوبائی مشیر اجمل وزیر کی کرپشن پر خاموشی اختیار کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ بی آر ٹی کا سپریم کورٹ نے نوٹس لیا ہے، بلین ٹری سونامی کے تحت 4 ہزار کنال اراضی پر 50 پودے بھی نہیں لگائے گئے۔

قائدِ حزبِ اختلاف کے پی اسمبلی نے کہا کہ غیر ملکی فنڈز میں بھارت اور اسرائیل سے پیسے آئے ہیں، اس پر حکومت خاموش ہے، حکومت نے اپوزیشن کے حلقوں کو 2 سال میں 1 روپے کا فنڈ نہیں دیا۔

اکرم درانی کا یہ بھی کہنا ہے کہ کرپشن کے علاوہ حکومت نے کونسا کام کیا ہے، آڈٹ رپورٹ کو اب پبلک نہیں کیا جائے گا کیونکہ یہاں پبلک اکاؤنٹ کمیٹی کا چیئرمین خود اسپیکر اسمبلی ہے۔

تازہ ترین