وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ کرپشن اور منشیات پورے معاشرے کے لیے ناسور ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے اے این ایف ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا، اس دوران افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں نوجوانوں کو منیشات کی لعنت سے بچانا ہےاو ر آنےوالی نسلوں کو بھی مل کر منشیات سے بچانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ منشیات سے پیسے بنانے والوں کو پہلے برا نہیں سمجھا جاتا تھا اور وہ معاشرے میں قابل قبول ہوتا تھا۔
وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ کرپشن، منشیات سے پیسہ بنانے کا نقصان معاشرے کو پہنچا، منشیات سے حاصل پیسہ رشوت دینے میں استعمال ہوتا ہے اور کرپشن بڑھاتا تھا۔
اُن کا کہنا ہے کہ ناجائز طریقے سے کمائی گئی دولت سے کرپشن بڑھتی ہے، منشیات، کرپشن کے پیسے سے کئی لوگ الیکشن بھی جیتے تھے، پاکستان میں ستر لاکھ افراد منشیات کے عادی بن چکے ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ گھر میں ایک بھی منشیات کا عادی ہو وہ گھر تباہ کر دیتا ہے، افسوسناک ہے کہ ڈرگ آئس تعلیمی اداروں میں پھیل رہی ہے، منشیات ڈسپلن کو متاثر کرتی ہے اور کردار بدل دیتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ منشیات یونیورسٹیز میں بھی پھیل چکی ہے، صرف پولیس سے جرائم کی جدو جہد نہیں کی جا سکتی بلکہ کرپشن اور منشیات کی روک تھام کے لیے مل کر کام کرنا ہے۔
وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ ناجائز طریقے سے دولت کمانے والوں کو معاشرے کا تسلیم کرنا بدقسمتی ہے، چاہتا ہوں ڈرگ اور کرپشن کے خلاف معاشرہ مل کر لڑے، معاشرے کو مل کر منشیات کی لعنت کا مقابلہ کرنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ برائی کے خاتمے میں معاشرے کا اہم کردار ہوتا ہے، اگلے ہفتے اجلاس بلاؤں گا، منشیات کے کینسر کےخلاف جنگ شروع کریں گے۔