وزیرِ اعظم عمران خان نے پیر کے دن سے مہنگائی کے خلاف کارروائی شروع کرنے اور اشیائے خورونوش کی قیمتیں نیچے لانے کا اعلان کر دیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں وزیرِ اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پیر سے شروع ہونے والے آئندہ ہفتے ہماری حکومت اشیائے خورونوش سستی کرنےکیلئے تمام ریاستی وسائل بروئےکار لائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہم پہلے ہی مہنگائی کے عوامل کا جائزہ لیتے ہوئے تعین کر رہے ہیں کہ آیا رسد میں واقعی کمی ہے، یا مافیا کی جانب سے ذخیرہ اندوزی و اسمگلنگ وغیرہ اس کا سبب ہیں۔
وزیرِ اعظم عمران خان نے مزید کہا کہ اس بات کا تعین بھی کر رہے ہیں کہ دالوں اور پام آئل وغیرہ کی عالمی منڈی میں بڑھتی ہوئی قیمتیں مہنگائی میں اضافے کی وجہ تو نہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ بہرحال آئندہ ہفتے سے ہم اپنی حکمتِ عملی نافذ کریں گے اور اداروں سمیت تمام ریاستی وسائل بروئے کار لاتے ہوئے اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں کمی کیلئے اقدامات کا آغاز کریں گے۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس کے باعث معیشت کو پہنچنے والے دھچکے کی وجہ سے ملک میں مہنگائی کئی گنا زیادہ بڑھ چکی ہے، پھلوں، سبزیوں، گوشت، دودھ اور دیگر اجناس کی مہنگی داموں فروخت جاری ہے۔