سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی اور مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نےکہا ہے کہ لاہوریوں کو جلسے کی اجازت کی ضرورت ہی نہیں ہے۔
عوامی رابطہ مہم کے دوران شاہدرہ میں کارکنوں سےخطاب میں مریم نواز نے وزیراعظم عمران خان کی حکومت کو دوا اور علاج چور حکومت قرار دے دیا۔
انہوں نے کہا کہ شاہدرہ والو مجھے آپ تک پہنچنے میں 4 گھنٹے لگ گئے، لاہور نواز شریف کا تھا، ہے اور رہے گا، اہل لاہور کو جلسے کے لیے اجازت کی ضرورت نہیں ہے۔
ن لیگ کی نائب صدر نے کہا کہ تابعدار خان کل ٹی وی پر کہہ رہا تھا کہ میں لاہور کے جلسے کی اجازت دے دوں گا، میں جعلی حکومت کو کہتی ہوں کیمرا لگاکر دیکھو کیا یہاں کرسی ہے؟
انہوں نے کہا کہ لاہوریوں کو نہ تو جلسے کے لیے اجازت کی ضرورت ہے اور نہ ہی کرسی کی، اس حکومت کے دور میں دوائیوں کی قیمت 600 گنا تک بڑھ گئی ہیں۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ یہ دوائی اور علاج چور حکومت ہے، آپ لوگ ’گو نیازی گو‘ کا نعرہ 13 دسمبر کو مینار پاکستان پر آکر لگانا۔
ان کاکہنا تھا کہ اگر ملک کا نظام چلانا ہے اور مہنگائی کم کرنی ہے تو عمران خان کی جعلی حکومت کو گھر بھیجنا ہوگا۔
سابق وزیراعظم کی صاحبزادی نے یہ بھی کہا کہ ملک نہیں چل رہا ہے غریبوں کے چولہے ٹھنڈے ہوگئے ہیں، جس کو ڈھائی سالوں میں کام کرنا نہیں آیا وہ اگلے ڈھائی سال بھی کام نہیں کرپائے گا۔
انہوں نے اپنے والد اور سابق وزیراعظم کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف لندن میں بیمار بیٹھے ہیں، انہوں نے بہت غم اٹھائے ہیں لیکن وہ آج بھی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ نواز شریف آپ کی خدمت کرتا تھا مگر وہ بندہ تابعدار نہیں ہے، یہ حکومت عوام کی روٹی، آٹا، گیس اور چینی چور حکومت ہے، سابق وزیراعظم کا کہنا ہے کہ اس چور حکومت کو گھر بھیجو۔