پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) کے زیرِ انتظام جاری نیشنل چیلنج میں نیشنل بینک اور ہائر ایجوکیشن کمیشن نے پری کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا، ہما ایف سی اور بلوچ ایف سی نوشکی کو شکست ہوگئی۔
نیشنل چیلنج کپ فٹبال کے مقابلے پنجاب فٹ بال اسٹیڈیم اور فیم ایف سی گراؤنڈ پر جاری ہیں۔
پنجاب اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان آرمی نے پاکستان پولیس کو باآسانی 0-4 سے شکست دی۔
فاتح ٹیم کے محمد جمیل نے ہیٹ ٹرک کی جبکہ محمد سرفراز نے ایک گول بنایا۔
اسی میدان پر ایک اور میچ میں نیشنل بینک نے ہما ایف سی کو 0-3 سے مات دی، جہاں فاتح ٹیم کے ثناء اللّٰہ نے دو جبکہ مقبول نے ایک گول کیا۔
فیم ایف سی گراؤنڈ پر میچ میں ہائر ایجوکیشن کمیشن نے بلوچ ایف سی نوشکی کو سخت مقابلے کے بعد 0-1 سے ہرایا، میچ کا واحد گول احتشام حسین نے اسکور کیا۔
اسی گراؤنڈ پر دوسرے میچ میں فیلکن کمپنی نے کراچی یونائیٹڈ کے خلاف 1-2 سے کامیابی حاصل کی۔