• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ممتاز عالم و شیخ الحدیث مفتی زر ولی خان انتقال کر گئے

ممتاز عالم و شیخ الحدیث مفتی زر ولی خان انتقال کر گئے


کراچی (اسٹاف رپورٹر) ممتاز عالم جامعہ احسن العلوم کراچی کے مہتمم ، شیخ الحدیث والتفسیر مفتی زر ولی خان کورنگی روڈ پر واقع اسپتال میں انتقال کرگئے،  مولانا مفتی زرولی خان کی نمازجنازہ آج منگل کو صبح گیارہ بجے جامعہ احسن العلوم سے متصل گرائونڈ سردارعلی صابری روڈ گلشن اقبال بلاک دو میں ادا کی جائے گی۔مفتی زر ولی خان ضلع صوابی کے قصبہ جہانگیرا میں 1953میں پیدا ہوئے ، جامعتہ علوم الاسلامیہ علامہ بنوری ٹاؤن سے سند فراغت حاصل کی، مولانا یوسف بنوری ، مولانا عبداللہ کاکاخیل جیسے اکابرین آپ کے اساتذہ میں شامل ہیں ۔ 1978 میں گلشن اقبال کراچی میں احسن العلوم کے نام سے مدرسہ قائم کیا، آپ سے درس تفسیر پڑھنے کےلئے پورے ملک کے علما طلبہ ہر سال جامعہ احسن العلوم میں آتے ہیں ،آپ کئی کتب کے مصنف اور بہترین خطیب تھے ،شیخ التفسیر مفتی زرولی خان نے متعدد کتابیں، تصنیف کی اہم کتب میں احسن الرسائل(مختلف موضوعات پر لکھے گئے 10علمی و تحقیقی رسائل کا مجموعہ) احسن الخطبات (جمعہ کے خطبات کا مجموعہ 3 جلدیں احسن البرھان (سوانح حیات 2 جلدیں) معارف و محاسن۔ (ماہنامہ الاحسن میں لکھے گئے اداریوں کا مجموعہ) شمار ہوتی ہیں۔دریں اثناء شیخ الحدیث مولانا مفتی محمد زر ولی خان کے انتقال پر عالمی مجلس تحفظ ختم پاکستان کے امیر شیخ الحدیث مولانا ڈاکٹر عبد الرزاق اسکندر نائب امیر ،مولانا حافظ ناصر الدین خاکوانی، مولانا صاحبزادہ خواجہ عزیز احمد ، ناظم اعلیٰ مولانا عزیز الرحمن جالندھری ،مولانا اللّٰہ وسایا ،مولانا اکرم طوفانی، مفتی شہاب الدین پوپلزئی ،جامعہ بنوریہ عالمیہ کے مہتمم مفتی ابو بکر محی الدین ،مفتی محی الدین ،پاک سر زمین پارٹی کے مصطفیٰ کمال ،سعیدغنی ، ڈاکٹر معراج الہدی ،محمد حسین محنتی ، جمعیت علما اسلام سندھ کے رہنما قاری محمد عثمان، تحریک انصاف کراچی کے صدر خرم شیر زمان ،شاہی سید اور دیگر نے تعزیتی پیغامات میں کہاہے کہ مفتی صاحب ایک بلند پایہ، جید عالم دین، اسلامی جمہوریہ پاکستان کے نامور عالم دین تھے ،ایک حق گو صفت انسان اور مذہبی بہادر و بے باک انسان تھے ،باطل ہمیشہ ان کی جرأت و ہمت کی وجہ سے دبا رہتا تھا، مفتی محمد زرولی خان کی رحلت سے امت ایک جری عالم دین سے محروم ہو گئی۔ وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے قائدین نے مولانا مفتی زرولی خان کی رحلت کو قومی سانحہ قرار دیا اور کہاکہ مولانا مفتی زرولی خان کی دینی اور تعلیمی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی، مولانا مفتی زرولی خان کی رحلت سے درس و تدریس کی دنیا کا ایک باب بند ہوگیا ۔متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیوایم) پاکستان کی رابطہ کمیٹی نے بھی معروف عالم دین مفتی زرولی خان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔سربراہ تنظیم (ایم کیو ایم پاکستان) بحالی کمیٹی (او آر سی) ڈاکٹر محمد فاروق ستار نے مفتی زر ولی خان کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

تازہ ترین