اسلام آباد ( نمائندہ جنگ/ ایجنسیاں) وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل اور پی ٹی آئی رہنما سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم عدلیہ کے حکم کے خلاف جلسے کرکے کورونا پھیلا رہی ہے،گزشتہ روز اپنے بیان میں شہباز گل نے کہا کہ سازشوں میں مصروفِ عمل کرپٹ ٹولہ ملکی ترقی روکنے کے درپے ہے، چاروں صوبوں سے ہزیمت کے بعد لاہور جلسہ پی ڈی ایم کے ملک دشمن بیانیے کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا،خود یہ کورونا سے بچنے کے لئے ٹیسٹ کرائے بغیر کسی سے ملتے نہیں ہیں اور لوگوں کی جان خطرے میں ڈال رہے ہیں۔ایک انٹریو میں سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ اپوزیشن حکومت پر دبائو ڈالنے کیلئے استعفوں کی دھمکیاں دے رہی ہے لیکن وزیراعظم عمران خان دبائو میں آنے والے نہیں اور وہ کسی صورت میں بدعنوان عناصر کو کسی قسم کا ریلیف نہیں دیں گے، ان کے یکے بعد دیگرے پاور شو فلاپ ہو رہے ہیں اسلئے انہیں سمجھ نہیں آ رہی کہ کیا کریں۔