وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان کا کہنا ہے کہ قومی اسمبلی میں اپوزیشن جماعتوں کے کچھ لوگ حکومت سے رابطے میں ہیں اور وہی لوگ شہباز شریف کے استعفے دینے کی بات کر رہے ہیں۔
غلام سرور خان نے راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ استعفے دیے تو جو ہے وہ بھی ہاتھ سے جائے گا جبکہ ن لیگ میں بھی استعفوں کے معاملے پر ٹوٹ پھوٹ ہوگی۔
اُنہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کرپشن اور نئے این آر او کے سوا اپوزیشن سے بات چیت چاہتے ہیں۔
اپنی پریس کانفرنس میں غلام سرورخان نے یہ بھی کہا کہ اپوزیشن سے کورونا وائرس اوربھارت سے مسائل پر بھی ہم اپوزیشن سے گفتگو چاہتےہیں۔
غلام سرور خان نے کہا کہ بھارت پاکستانی دریاؤں کے پانی پر بند باندھ کر ہمیں بنجر کرنا چاہتا ہے، ہمیں حقیقت کو تسلیم کرنا چاہیے۔
اُن کا کہنا تھا کہ جلسے جلوس اپوزیشن کا حق ہے ہم جلسے جلوسوں سے خائف نہیں۔
غلام سرور خان نے مزید کہا کہ چوروں اور ڈاکووں سے ڈرنے والے نہیں ہیں۔