وزیرقانون پنجاب راجا بشارت نے کہا ہے کہ اپوزیشن اتحاد کی قیادت کو سیکیورٹی الرٹ سے آگاہ کردیا ہے۔
لاہور سے جاری ویڈیو بیان میں راجا بشارت نے کہا کہ نیشنل کمانڈ آپریشن سینٹر کی ہدایات کی روشنی میں اپوزیشن اتحاد (پی ڈی ایم) کو لاہور کے جلسے کی اجازت نہیں دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ لاہور جلسے کی سیکیورٹی کے حوالے سے نیشنل کاؤنٹر ٹیرر ازم اتھارٹی (نیکٹا) اور دیگر اداروں کی طرف سے الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
وزیر قانون پنجاب نے مزید کہا کہ نیکٹا سمیت دیگر اداروں کے جاری کردہ الرٹ سے پی ڈی ایم کی قیادت کو آگاہی فراہم کردی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن تصادم چاہتی ہے، حکومت یہ موقع فراہم نہیں کرے گی جبکہ قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔
راجا بشارت نے یہ بھی کہا کہ اپوزیشن اتحاد کا سیاسی کارکنان کی گرفتاریوں کا پروپیگنڈا بے بنیاد ہے۔