وزیر اعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار کہتے ہیں کہ بد قسمتی سے اپوزیشن کی 11 جماعتوں نے کورونا وائرس کو بھی اپنا پارٹنر بنالیا ہے، اپوزیشن کورونا وائرس کو تیزی سے پھیلانے کا باعث بن رہی ہے۔
لاہور سے جاری کیے گئے اپنے بیان میں عثمان بزدار نے کہا کہ قانون توڑنے والوں کو قانون کی گرفت کا سامنا کرنا پڑے گا۔
عثمان بزدار نے کہا کہ اپوزیشن کی منفی سیاست پر افسوس ہے، اپوزیشن کی انتشار کی سیاست قوم مسترد کرتی ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ ایک طرف کورونا وائرس سےاسپتال بھر رہےہیں، اموات بڑھ رہی ہیں اور دوسری طرف اپوزشن کو اپنے منفی ایجنڈے کی تکمیل کی فکر ہے۔
اپنے بیان میں عثمان بزدار نے یہ بھی کہا کہ اپوزیشن اپنےکرپشن وائرس سے بچنے کے لیے قوم کو کورونا وائرس کا شکار کررہی ہے۔
واضح رہے کہ لاہور میں حکومت مخالف اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کا پاور شو آج ہونے جا رہا ہے۔
مینارِ پاکستان کے گراؤنڈ میں قائدین کے لیے کنٹینر منگوا لیے گئے ہیں، شرکاء کے لیے کرسیاں لگ گئی ہیں۔
اپوزیشن اتحاد کے جلسے کی سیکیورٹی جمعیت علمائے اسلام (ف) کے کارکنوں کے سپرد کر دی گئی ہے۔
مسلم لیگ نون کی طرف سے اپوزیشن کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے قائدین کے لیئے آج ظہرانے کا اہتمام بھی کیا گیا ہے۔