• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اپوزیشن وقت اور پیسہ ضائع کررہی ہے، لٹیرے جو چاہیں کرلیں این آر او نہیں ملے گا، عمران خان


اسلام آباد(ایجنسیاں)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ لٹیرے جو چاہیں حربہ استعمال کریں، این آر او نہیں ملے گا‘اپوزیشن جلسے جلوس کرکے وقت ‘پیسہ اور اپنی محنت ضائع کررہی ہے۔

انہیں شہریوں کی صحت وسلامتی کی رتی بھر بھی پرواہ نہیں‘یہ سب صرف اپنی لوٹی ہوئی دولت کو بچانے اور این آر او کے لیے مجھے بلیک میل کر رہے ہیںمگر میرا پیغام بالکل واضح اور دوٹوک ہے ۔ 

اتوار کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ ‏افسوس! پی ڈی ایم نےوبا میں اضافےکے دوران بہت سےپیسے، وقت اور محنت سے عوام کی زندگیاں خطرےمیں ڈال کرسنگدلی کا مظاہرہ کیا اورثابت کردیاکہ انہیں شہریوں کی صحت وسلامتی کی رتی بھر بھی پرواہ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ سارے حربےمجھے این آر او کی فراہمی کیلئےبلیک میل کرکےاپنی چوری کی دولت بچانے کیلئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ‏میں ایک مرتبہ پھر واضح کر دوں کہ کبھی این آر او نہیں دوں گا۔ 

مزید بلیک میلنگ کےحوالے سے پی ڈی ایم کے آئندہ جو بھی منصوبے/عزائم ہوں میرا پیغام بالکل دوٹوک ہے۔ انہوں نے کہا کہ لٹیرے جو حربہ چاہیں استعمال کریں، میری حکومت کبھی کوئی این آر او نہیں دے گی۔

دریں اثنا گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ عمران خان کسی بھی چور کو نہیں چھوریں گے۔گورنر سندھ عمران اسماعیل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں عمران اسماعیل نے پی ٹی آئی کے جلسوں کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ اسے کہا جاتا ہے پاور شو۔

عمران اسماعیل نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ان 11جماعتوں کے خلاف جلسے کئے اور اب وہی 11جماعتیں آج ایک اکیلے عمران خان کے خلاف جمع ہوئی ہیں۔

گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ یہ لوگ جانتے ہیں وزیراعظم عمران خان چیلنجوں سے محبت کرتے ہیں،وہ کسی بھی چور کو نہیں چھوریں گے۔

تازہ ترین