مسلم لیگ نون کی ترجمان مریم اورنگزیب وزیرِ اعظم سے مخاطب ہوتے ہوئے کہتی ہیں کہ عمران صاحب! پارلیمنٹ کے جنگلے توڑنے پر پرچہ تو آپ پر درج ہونا چاہیئے۔
ایک بیان کے ذریعے مسلم لیگ نون کی ترجمان مریم اورنگزیب نے مینارِ پاکستان پر ہونے والے جلسے پر پی ڈی ایم کی قیادت کے خلاف ایف آئی آر کے اندراج کی مذمت کی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ جھوٹی حکومت کی ایف آئی آر تاریخی جلسے کی کامیابی کا تحریری ثبوت ہے، جلسہ چھوٹا دکھانے کی ترجمانی سے ہلکان وزیرِاعظم عمران خان اور کرائے کے ترجمانوں کو چُلو بھر پانی میں ڈوب مرنا چاہیئے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ جلسہ چھوٹا دکھانے کے پراپیگنڈے میں بدترین ناکامی اور لاچاری پر جھوٹا پرچہ درج کیا گیا۔
انہوں نے وزیرِ اعظم سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ عمران صاحب! پرچے کاٹ کر آپ نے اپنی فسطائی، آمرانہ اور غیر جمہوری سوچ کو مزید بے نقاب کیا ہے۔
ترجمان مسلم لیگ نون نے کہا کہ عوامی مینڈیٹ چرانے والوں کی مسلم لیگ نون کے قائدین کےخلاف ایف آئی آر ان کی گھبراہٹ اور خوف کا ثبوت ہے۔
انہوں نے وزیرِ اعظم سے مخاطب ہو کر کہا کہ عمران صاحب! جھوٹی ایف آئی آرز کے پیچھے چھپنے سے آپ کا جعلی مینڈیٹ بچ نہیں سکتا۔
مریم اورنگزیب کا مزید کہنا ہے کہ جھوٹی ایف آئی آرز، ترجمانوں اور اشتہاروں پر چلتی ناجائزحکومت مینارِ پاکستان جلسے سے ہل گئی۔
مسلم لیگ نون کی ترجمان نے یہ بھی کہا کہ عمران صاحب! جھوٹے مقدمات بنانے سے عوام آپ کو این آر او نہیں دیں گے۔