• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کیا آپ آصف زرداری سے رابطے میں ہیں؟ ناصر شاہ کا شاہ محمود سے سوال


وزیر اطلاعات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے استفسار کیا ہے کہ کیا آپ سابق صدر آصف زرداری سے رابطے میں ہیں؟

وزیر خارجہ کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے وزیر اطلاعات سندھ نے کہاکہ شاہ محمود صاحب کہتے ہیں آصف زرداری نے استعفیٰ دینے کا فیصلہ نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ میں شاہ محمود قریشی سے پوچھتا ہوں کہ کیا آپ پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے رابطے میں ہیں؟


سید ناصر حسین شاہ نے مزید کہا کہ قریشی صاحب کہتے ہیں کہ پی ڈی ایم ان ہاؤس تبدیلی نہیں چاہتی، قریشی صاحب آپ کے مقاصد کچھ اور ہیں، صرف آپ ہی ان ہاؤس تبدیلی چاہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر لاہور جلسہ ناکام تھا تو پی ٹی آئی بوکھلائی ہوئی کیوں ہے؟ وزیر خارجہ نے بلاول بھٹو زرداری کو ناتجربہ کار کہہ کر اپنی فرسٹریشن ظاہر کردی ہے۔

وزیر اطلاعات سندھ نے وزیر خارجہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ قریشی صاحب آپ تو تجربہ کار ہیں آپ کو پی ٹی آئی میں کیا حاصل ہوا، پی ٹی آئی کی لیڈرشپ تو آپ پر اعتبار ہی نہیں کرتی۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اتحاد کے لاہور جلسے کا ہی اثر ہے کہ ایک مشیر پریس کانفرنس کرتا ہے تو دوسرا شروع کردیتا ہے۔

سید ناصر حسین شاہ نے اس موقع پر پی ٹی آئی کی حکومت کے حوالے سے دعویٰ کیا کہ حکمران جماعت کا بوریا بستر باندھنے کا وقت آگیا ہے، شاہ صاحب گھبرائیں نہیں، حوصلہ رکھیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جلسوں سے معیشت خراب ہوری ہے تو پی ٹی آئی نے کونسی معیشت سنبھال رکھی ہے، حکومت اپنی ساکھ ہر اعتبار سے کھوچکی ہے، اب عوام پی ٹی آئی کی تبدیلی چاہتے ہیں۔

تازہ ترین