• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تاج حیدر کا ضمنی انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن کو خط

ضمنی انتخابات کے معاملے پر پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر تاج حیدر نے الیکشن کمیشن کو خط لکھا ہے جو الیکشن کمیشن پاکستان کو موصول ہو گیا۔

ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے سینیٹر تاج حیدر کا خط شعبۂ قانون سازی کو بھیج دیا ہے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کا شعبۂ قانون سازی سینیٹر تاج حیدر کے خط کا جائزہ لے گا۔

خط میں تاج حیدر نے صوبائی اسمبلی کی 3 نشستوں پر ضمنی انتخابات کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ پی ایس 43 سانگھڑ، پی ایس 52 عمرکوٹ اور پی ایس 88 ملیر کی نشستیں خالی ہیں، تینوں حلقۂ انتخاب میں کورونا وائرس سے خطرات تقریباً نہ ہونے کے برابر ہیں۔

خط میں کہا گیا ہے کہ آئین کی شق 224 (4) کے مطابق کوئی بھی نشست خالی ہونے پر 60 روزکے اندر ضمنی انتخابات ہونے چاہئیں، 60 روز گزرے کافی دن ہو چکے ہیں۔


سینیٹر تاج حیدر کا خط میں کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی صورتِ حال میں گلگت بلتستان کے انتخابات بھی کروائے گئے۔

انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ انتخابات کو مزید مؤخر کرنے کی بجائے ان خالی نشستوں پر انتخابات کروائے جائیں، الیکشن کمیشن انتخابات کا شیڈول جلد از جلد جاری کرے۔

واضح رہے کہ این سی او سی نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ سے 31 جنوری تک ضمنی انتخاب کرانے سے منع کیا ہے، جس پر الیکشن کمیشن نے اعلان کیا ہے کہ انتخابات 30 جنوری 2021ء کے بعد کرائے جائیں گے۔

تازہ ترین