پاکستان میڈیکل کمیشن (پی ایم سی) نے میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے داخلہ ٹیسٹ (ایم ڈی کیٹ) کے نتائج کا اعلان کردیا۔
ایم ڈی کیٹ 2020 میں حصہ لینے والے طلبہ اپنا رزلٹ پی ایم سی کی ویب سائٹ پر دیکھ سکتے ہیں۔
پاکستان میڈیکل کمیشن کے ایک بیان کے مطابق رواں برس ایم ڈی کیٹ میں ایک لاکھ 21ہزار 181 طلبہ نے شرکت کی، امتحان میں کامیاب ہونے والوں کی تعداد 67 ہزار 611 رہی۔
ایم ڈی کیٹ 2020 میں کامیاب ہونے والے طلبہ 60 فیصد سے زائد نمبر حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔
خیال رہے کہ ایم ڈی کیٹ 2020 کے لیے داخلہ امتحان 29 نومبر کو لیا گیا تھا جبکہ کورونا سے متاثرہ طلبہ کے لیے خصوصی امتحان 13 دسمبر کو ہوا تھا۔
پی ایم سی کے نائب صدر بیرسٹر علی رضا نے بتایا تھا کہ ایم ڈی کیٹ 2020 کے لیے 29 نومبر کو پورے پاکستان میں ایک لاکھ 25 ہزار درخواست دہندگان نے اپنے ناموں کا اندراج کرایا تھا جبکہ ان میں سے 138 طلبا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت ہونے کی وجہ سے امتحان نہیں دے سکتے تھے۔
اس سے قبل سندھ ہائیکورٹ نے پاکستان میڈیکل کمیشن کو ہدایت کی تھی کہ وہ 29 نومبر کو ہونے والے ریگولر انٹری ٹیسٹ اور کورونا متاثرہ مریضوں کے لیے ہونے والے خصوصی انٹری ٹیسٹ یعنی دونوں طرح کے انٹری ٹیسٹ کے نتائج کا ایک ساتھ اعلان کرے۔
سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے میں اعلان کیا گیا تھا کہ چونکہ پی ایم سی کی کونسل نے کورونا وائرس سے متاثرہ امیدواروں کے لیے علیحدہ انٹری ٹیسٹ کی اجازت دی تھی، لہٰذا اس ٹیسٹ کو غیر قانونی یا حدود سے متجاوز یا پی ایم سی ایکٹ کے اختیارات سے باہر نہیں سمجھا جاسکتا۔