• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سردیوں کی سوغات، گاجر کا حلوہ بنانے کا آسان طریقہ

سردیوں کے آتے ہی گرم تاثیر رکھنے والی غذاؤں اور حلووں کا استعمال بڑھ جاتا ہے جن سے غذائیت اور  ذائقے سمیت جسم میں حرارت بھی پیدا ہوتی ہے اور سردی کم لگتی ہے۔

ماہرین غذائیت کے مطابق موسم سرما کے آتے ہی ایسی غذاؤں کا استعمال کرنا چاہیے جن کی تاثیر گرم ہو اور غذا کے استعمال سے قوت مدافعت مضبوط ہو، ایسی غذاؤں کے استعمال سے ٹھنڈے اور خُشک موسم کے سبب پھوٹنے والی بیماریوں سے کئی حد تک نجات بھی ملتی ہے اور جسم میں حرارت بھی موجود رہتی ہے۔

اکثر اوقات موسم سرما کے آغاز ہی میں گھروں میں مختلف قسم کے روایتی حلوے بننا شروع ہو جاتے ہیں، یہ روایت صدیوں سے چلتی آ رہی ہے، ان حلووں کا انسانی صحت پر براہ راست مثبت اثر پڑتا ہے جس کے سبب سردیوں کا دورانیہ آسانی سے گزر جاتا ہے۔

گاجر کا حلوہ سردیوں کی خاص سوغات ہے اور یہ صحت کے لیے نہایت مفید بھی ہے، مندرجہ ذیل گاجر کا حلوہ بنانے کی آسان ترکیب سے اس موسم سرما میں آپ بھی فائدہ اٹھائیں اور ٹھنڈا موسم انجوائے کریں۔

گاجر کا حلوہ بنانے کے لیے درکار اجزا:

گاجر 2 کلو، خشک دودھ 6 کپ، چینی 4 کپ،چھوٹی الائچی 10 عدد،  بادام 15 عدد، پستے 15 عدد، چاندی کے ورق 6 عدد، اخروٹ کی گریاں 12 دانے اور  گھی دو پیالیاں ( دیسی گھی کا اگر استعمال کیا جائے تو بہتر ہوگا)۔

ڈرائی فروٹ اپنی پسند کے مطابق کم یا زیادہ بھی کر سکتے ہیں۔

گاجر کا حلوہ بنانے کی آسان ترکیب:

گاجر کو باریک کدو کش کر لیں بادام کو گرم پانی میں بگھو کر چھلکے اتار لیں، اب باداموں اور اخروٹ کو باریک باریک کاٹ لیں اور الائچی کو دو چمچ چینی کے ساتھ باریک پیس لیں۔

اب کدو کش کی ہوئی گاجروں کو ایک پتیلے میں ڈال کر ہلکی آنچ پر پکنے کے لیے رکھ دیں، گاجروں کو اتنا پکائیں کے ان میں سے پانی خشک ہو جائے۔

اس کے بعد ایک پتیلی میں گھی ڈال کر گرم کریں اور اس میں الائچی ڈال دیں تھوڑی دیر بعد گاجریں اور دودھ ڈال کر ہلکی آنچ پر آہستہ آہستہ بھونیں۔

گاجریں جب براؤن ہونا شروع ہو جائیں تو چینی اور اخروٹ ڈال دیں۔

اب مزید بھونیں اور جب  شیرا خشک اور شیرا گڑھا ہونے لگے تو حلوہ چولہے سے اتار لیں۔

گاجر کا حلوہ تیار ہے، اب ایک  باؤل میں گھی لگا کر اس میں حلوہ ڈال دیں۔

اب اس گاجر کے حلوے کو ڈرائی فروٹ اور چاندی کے ورق سے سجا دیں۔

سردیوں کی مزیدار سوغات گاجر کا لذیذ حلوہ تیار ہے۔

تازہ ترین