الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے ملک میں سینیٹ انتخابات کے حوالے سے جاری گرما گرمی پر اپنا موقف پیش کردیا ہے۔
ای سی پی کے جاری اعلامیے کے مطابق سینیٹ انتخابات کی تاریخ کے حوالے سے کوئی معاملہ زیر غور نہیں آیا ۔
اعلامیے کے مطابق ای سی پی نے سینیٹ انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔
حالیہ کابینہ اجلاس کے بعد ملک بھر میں سینیٹ الیکشن ایک ماہ قبل ہونے کے حوالے اپوزیشن اور حکومتی ارکان کی جانب سے بیان بازی جاری ہے۔
کابینہ اجلاس میں طے پایا کہ سینیٹ انتخابات مارچ کے بجائے ایک ماہ قبل فروری میں کروائے جائیں گے اور شو آف ہینڈز کی بنیاد پر ہونے والے الیکشن کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع بھی کیا جائےگا۔
اس کے اگلے ہی دن وزیراعظم عمران خان نے پشاور میں میڈیا سےگفتگو میں سینیٹ الیکشن فروری میں کرائے جانے کی تصدیق کی تھی۔
گزشتہ روز سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے اس حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے حکومتی فیصلے کو اپوزیشن تحریک سے جوڑا تھا۔