• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستانی نژاد علی زیدی،بائیڈن کی ماحولیاتی ٹیم میں شامل

واشنگٹن (جنگ نیوز )امریکا کے نومنتخب صدر جو بائیڈن نے اپنی ماحولیاتی ٹیم کے اہم ارکان کے تقرر کا اعلان کردیا ہے جن میں پاکستانی نژاد علی زیدی بھی شامل ہے جو وائٹ ہاؤس کے ڈپٹی کلائمٹ کوآرڈینیٹر کے فرائض سرانجام دیں گے۔دوسری جانب امریکا کے نومنتخب صدر جو بائیڈن نے نیو میکسیکو سے تعلق رکھنے والی ڈیب ہالینڈ کو وزیر داخلہ کے عہدے کیلئے اپنی ٹیم میں منتخب کر لیا ہے اور جلد ان کو باقاعدہ نامزد کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ہالینڈ پہلی خاتون وزیرِ داخلہ ہوں گی جو قدیمی امریکی قبائل سے تعلق رکھتی ہیں۔محکمہ داخلہ ملک میں وفاقی طور پر منظم 600 قبائل پر گہرا اثرو نفوذ رکھتا ہے۔ ادارہ اس کے ساتھ وفاقی اراضی بشمول وائلڈ لائف پارکس، پانی کے وسائل، معدنی وسائل کی بھی نگرانی کرتا ہے۔ یہ تمام امور 60 سالہ ڈیب کی ذمہ داریوں کا حصہ ہوں گے۔امریکی میڈیا کے مطابق 33 سالہ علی زیدی اس وقت نیویارک کے ڈپٹی سیکریٹری برائے توانائی و ماحولیات ہیں اور جوبائیڈن کی انتظامیہ میں پاکستانی نژاد امریکی شہری کو ملنے والا یہ اعلیٰ ترین عہدہ ہے۔اس حوالے سے علی زیدی نے ٹوئٹ کیا کہ موسمیاتی بحران سے نمٹنے کے لیے ہمیں حکومت کے ایک مکمل طرز عمل کی ضرورت ہے، جو ملازمتوں کی حوصلہ افزائی کرے اور انصاف کو فروغ دے۔انہوں نے لکھا کہ جب نومنتخب صدر جو بائیڈن نے مجھے فون کیا تو میں حیران تھا، میں اب بھی حیران ہوں اور یہ میرے لیے اعزاز ہے۔جو بائیڈن کی ٹیم کے جاری کردہ اعلامیے میں علی زیدی کو ایک ماہر موسمیات اور ʼنومنتخب صدر کا دیرینہ مشیر کہا گیا ہے۔

تازہ ترین