• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب میں کورونا وائرس سے اموات میں خوفناک اضافہ

سندھ کے بعد پنجاب میں بھی کورونا وائرس کی وباء سے اموات میں خوفناک اضافہ ہوگیا ہے۔

پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 3 ہزار 179 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 87 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ 4 ہزار 649 مریض اس بیماری سے شفایاب ہو گئے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی ) کے اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس سے انتقال کرنے والوں کی مجموعی تعداد 9 ہزار 250 ہو گئی ہے، جبکہ کُل مریضوں کی تعداد 4 لاکھ 54 ہزار 673 ہو گئی ہے۔

24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے مزید 48 ہزار 75 ٹیسٹ کیئے گئے،جبکہ اب تک کُل 62 لاکھ 64 ہزار 135 ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں۔

کورونا وائرس کے ملک بھر میں کُل 40 ہزار922 مریض اسپتالوں، قرنطینہ مراکز اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 2 ہزار 486 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 4 لاکھ 4 ہزار 501 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔

سندھ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد دوسرے صوبوں سے زیادہ 2 لاکھ 2 ہزار 983 ہو چکی ہے، جبکہ یہاں اس موذی وائرس سے اموات 3 ہزار 302 ہو گئیں۔

پنجاب میں کورونا وائرس کے اب تک 1 لاکھ 30 ہزار 706 مریض سامنے آئے ہیں جبکہ اس سے ہلاکتیں دیگر صوبوں سے بڑھ کر 3 ہزار 558 ہو گئیں۔

خیبر پختون خوا میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 54 ہزار 448 ہو چکی ہے جبکہ اس سے اموات 1 ہزار 521 ہو گئیں۔


وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 35 ہزار 905 کورونا وائرس سے متاثرہ مریض اب تک سامنے آئے ہیں جبکہ 388 افراد اس وباء سے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

کورونا وائرس کے بلوچستان میں 17 ہزار 880 مریض اب تک رپورٹ ہوئے ہیں جہاں 179 افراد اس مرض سے انتقال کر چکے ہیں۔

آزاد جموں و کشمیر میں کورونا وائرس کے اب تک 7 ہزار 937 مریض رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ اس وائرس سے 203 مریض وفات پا چکے ہیں۔

گِلگت بلتستان میں 4 ہزار 814 کورونا وائرس کے مریض سامنے آئے ہیں جبکہ اس سے 99 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

بڑھتے کیسز کے پیشِ نظر کراچی کے مزید علاقوں میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کے چیئرمین اسد عمر خود بھی کورونا وائرس کا شکار ہو گئے، ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد انہوں نے خود کو گھر پر قرنطینہ کر لیا۔

اسد عمر نے وزیرِاعظم عمران خان کی زیرِ صدارت گزشتہ روز (جمعے کو) ہونے والے معاشی ٹیم کے اجلاس میں شرکت کی تھی۔

اجلاس میں وفاقی وزراء مخدوم خسرو بختیار، ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، حماد اظہر، اجلاس میں عبدالرزاق داؤد، ڈاکٹر عشرت حسین، گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر اور وقار مسعود بھی شریک ہوئے تھے۔

تازہ ترین