مسلم لیگ (ن) کے جنرل سیکریٹری احسن اقبال نے کہا ہے کہ ادارہ ناراض اور اس کی تشویش آپ کے سبب ہوگا۔
ماڈل ٹاؤن لاہور میں وزیراعظم عمران خان کے گزشتہ انٹرویو پر تبصرہ کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ ادارے میں ناراضی ہوگی تو آپ کی کارکردگی سے ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ ادارے ناراض اس پرہوں گےکہ آپ نے معیشت کا بیڑہ غرق کردیا ہے، ہمارے جوان اور افسر بجلی اور گیس کے بل ادا کرنے سے قاصر ہیں۔
ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ ہمارا دشمن ملک اپنےدفاعی بجٹ میں اضافہ کررہا ہے، نریندر مودی کشمیر کو اچک کرلے گیا، آپ خاموش رہے۔
ان کا کہنا تھا کہ نریندر مودی نے آپ کے دور اقتدار میں وہ کردیا جو بھارت 72 برس میں بھی نہ کرسکا تھا۔
احسن اقبال نے کہا کہ ادارے کو اس پر تشویش ہوسکتی ہے کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات جیسے دوست ملک ہم سے دور ہوگئے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ن لیگ نے 29 ارب کی چینی سرمایہ کاری حاصل کی، نیب کہاں ہے، ایف آئی اے اینٹی کرپشن کو حکومت کی کرپشن نظرنہیں آتی۔
ن لیگی رہنما نے کہا کہ آپ اپنے کرتوت چھپانا چاہتےہیں، یہ خواہش پوری نہیں ہوگی،آپ ملک میں یکجہتی پیدا کرنےکی صلاحیت ہی نہیں رکھتے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان آپ میں صلاحیت نہیں کہ قوم میں اتفاق واتحاد پیدا کریں، آپ صرف ملک میں انتشار ہی پھیلا سکتےہیں۔
احسن اقبال نے مزید کہا کہ اپوزیشن عوام کی طاقت سے سلیکٹڈ حکومت کو گھر بھیجے گی۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی مہنگائی نے عام شہری کو زندہ مار دیا ہے، سرکاری ملازمین کے لیے ناممکن ہوگیا ہےکہ وہ بچوں کوروٹی دے سکیں۔
وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ روز انٹرویو میں کہا تھا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ پر تنقید سے فوج میں غم و غصہ پایا جاتا ہے۔