• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملک بھر میں گیس کی قلت، گھریلو صارفین اور صنعتوں کیلئے سپلائی کم، چاروں صوبوں میں CNG سروسز متاثر


کراچی، لاہور، پشاور، اسلام آباد(اسٹاف رپورٹر،جنگ نیوز، خبرایجنسیاں) ملک بھر میں گیس کی قلت، گھریلو صارفین اور صنعتوں کے لیے سپلائی کم ،چاروں صوبوں میں CNG سروس متاثر، سندھ میں قلت کے باوجود 50ملین مکعب فٹ گیس سوئی ناردرن کو دینے کا انکشاف،صنعتوں میں سرگرمیاں رک گئیں۔

گھروں میں صورتحال اور بھی خراب، خواتین سلنڈر زبھروانے نکل آئیں، پنجاب کے سی این جی اسٹیشنز غیر معینہ مدت، خیبر پختونخوا کے اگلے 4 روز، سندھ کے آج اور پیرکو بند رہیں گے، ترجمان پٹرولیم ڈویژن کاکہناہےکہ جنوری میں گیس بحران نہیں ہوگا، سستی ایل این جی منگوارہے ہیں۔

تفصیلات کےمطابق سندھ میں قلت کے باوجود 50ملین مکعب فٹ گیس سوئی ناردرن کو دئے جانے کا انکشاف ہوا، سوئی ناردرن کو 50 ملین مکعب فٹ گیس دیے جانے کے بعد کراچی میں گیس کی قلت میں اضافہ ہوگیا۔

سردی کے موسم میں گیس کی بندش نے شہریوں کو پریشان کردیا اور کھانا پکانا پانی گرم کرنا محال ہوگیا ،کھارادر کی خواتین کو روز ایک نیا کام آن پڑا ہے کہ سلنڈر میں گیس بھروانے جائیں۔

خواتین گھروں میں گیس آمد کی امید میں بار بار ماچس کی تیلیاں جلا رہی ہیں جبکہ کم آمدن طبقہ پہلے ہی مہنگائی تلے روند دیا گیا ہے اور اب کھانا پکانے کیلئے گیس بھی فراہم نہیں کی جارہی،چند مجبور کراچی والے لکڑیوں سے گزارا کرنا شروع ہو گئے۔

ادھر ایس ایس جی سی سائٹ کی صنعتوں کو وعدے کے مطابق گیس فراہمی میں ناکام ہے،سائٹ صنعتی ایریا میں گیس کی فراہمی معطل،پیداواری سرگرمیاں رک گئیں۔

سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کےعہدیدار نے صنعتوں کو وعدے کے مطابق مطلوبہ پریشر کے ساتھ گیس کی عدم فراہمی کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ صنعتکاروں کے ساتھ مختلف اجلاسوں میں کیے گئے وعدوں کے مطابق صنعتوں کو بلاکسی ناغہ اور مکمل پریشر کے ساتھ گیس کی فراہمی یقینی بنائی جائے بصورت دیگر برآمدی آرڈرز کی بروقت شپمنٹ ممکن نہیں ہوسکے گی جس کے نتیجے میں غیر ملکی آرڈرز منسوخ ہونے کے خدشات ہیں۔

انہوں نے حکومت سے اپیل میں کہا کہ موسم سرما کی آمد سے قبل صنعتکاروں کے ساتھ وزیراعظم عمران خان سمیت حکومتی سطح پر متعدد اجلاسوںیہ وعدہ کیا تھا کہ صنعتکار اگر معمول کے ٹیرف سے زائد نرخ پر گیس لینے پر رضامند ہوں تو انہیں بلاتعطل اور پیداواری طلب کے مطابق گیس فراہم کی جائے گی مگر افسوس زائد گیس ٹیرف کے باوجود صنعتوں کو گیس فراہمی کا وعدہ پورا نہیں کیا گیا۔ 

دوسری جانب لاہورسمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں گیس پریشرمیں کمی، چولھوں میں گیس کم، خواتین کے لیے محنت زیادہ، عوام کا کہنا ہے کہ مہنگائی سے پہلے ہی مشکل تھی ، سلنڈرکے اخراجات بھی بڑھ گئے۔ علاوہ ازیں چاروں صوبوں میں CNG سروس متاثر ہوگئی۔

پنجاب بھر کے سی این جی اسٹیشنوں کو غیر معینہ مدت کے لیے گیس کی فراہمی معطل کردی گئی ہے جبکہ پشاور سمیت خیبر پختونخوا کے سی این جی اسٹیشنوں پر اگلے چار روز کے لیے سی این جی کی سپلائی بند ہے۔

سوئی سدرن نے بھی گیس کی قلت کے باعث سندھ میں سی این جی اسٹیشنوں کےلیے نیا شیڈول جاری کردیا ، آج اور پیرکو سی این جی اسٹیشن بند رہیں گے۔

علاوہ ازیں حکومت نے کہا ہے کہ جنوری میں گیس کا کوئی بحران نہیں آ رہا، جنوری دو ہزار اکیس کیلئے جنوری دو ہزار اٹھارہ کی نسبت تیس فیصد زیادہ اور سستی ایل این جی منگوائی جا رہی ہے۔ 

پٹرولیم ڈویژن کے ترجمان نے ایل این جی اور گیس پوزیشن پر جاری بیان میں کہا کہ ترجمان جنوری 2021 کیلئے 12 ایل این جی کارگوز کا انتظام کرلیا ہے کچھ کارگوز میں اضافی ایل این جی کا بھی بندوبست ہو گیا ہے۔ 

جنوری 2021 کیلئے جنوری 2018 کی نسبت 30 فیصد زیادہ اور سستی ایل این جی منگوائی جا رہی ہے، سردی کی لہر بڑھنے سے سوئی نادرن سسٹم میں لوڈ 9 فیصد تک اضافہ ہوا ہے۔

اسی طرح سوئی سدرن کو کراچی اور کوئٹہ میں کم پریشر کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے تاہم کابینہ سے منظور شدہ لوڈ مینجمنٹ پلان کے مطابق سی این جی اور پاور کیپٹو یونٹ کی گیس بند کی جائے گی۔ 

ترجمان نے عوام سے اپیل کی کہ گیس کا استعمال سمجھداری سے کریں گیس کمپریسر کا استعمال غیر قانونی ہے گیس کمپریسر سے گیس پریشر میں کمی کا سبب بھی بنتا ہے۔

تازہ ترین