• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ گیس پیداوار میں خود کفیل،پھر بھی شدید بحران کا شکار کیوں؟ امتیاز شیخ

وزیرِ توانائی سندھ امتیاز شیخ نے سوئی سدرن کی گیس سوئی ناردرن کو دینے کی شدید مذمت کی ہے۔

سندھ میں گیس بحران پر امتیاز شیخ نے سوال اُٹھایا کہ کس کی اجازت سے سندھ کی گیس پر ڈاکا ڈالا گیا؟

انہوں نے کہا کہ سندھ گیس کی پیداوار میں خود کفیل ہے، اس کے باوجود صوبے میں گیس کا شدید بحران ہے۔

وزیر توانائی سندھ نے مزید کہا کہ گیس کی سپلائی کے معاملے پر سندھ حکومت کو اعتماد میں نہیں لیا جارہا ہے۔


ان کا کہنا تھاکہ وفاق کی ناکام پالیسیوں سے سندھ کے عوام میں احساس محرومی کا شکار ہیں، حکمرانوں کو عوام کی معاشی پسماندگی کا کوئی احساس نہیں ہے۔

امتیاز شیخ نے یہ بھی کہا کہ سی این جی اسٹیشنز اور صنعتوں کی بندش سے ہزاروں افراد بےروزگار ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی وزراء بروقت ایل این جی منگوانے کے بجائے حیلے بہانوں سے کام لے رہے ہیں، سندھ حکومت کسی کو بھی سندھ کے وسائل پر قبضے کی اجازت نہیں دے گی۔

صوبائی وزیر توانائی نے کہا کہ تھرکول سمیت سندھ کے وسائل پر وفاق من مانے فیصلے کررہا ہے، پی ٹی آئی مسائل کو حل کرنے کے بجائے مزید پیچیدگیاں پیدا کر رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وفاق کے غیر ذمہ دارانہ فیصلوں کو سندھ کی عوام تسلیم نہیں کرے گی۔

تازہ ترین