• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان میں کورونا وائرس سے مزید 62 اموات


پاکستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہر جاری ہے، یہاں کورونا وائرس کے کیسز اور اس سے اموات میں کمی کے بعد اب ان میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، کورونا مریضوں کی تعداد کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں پاکستان 29 ویں نمبر پر ہے۔

پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 1 ہزار792 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 62 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، جبکہ 1 ہزار 680 مریض اس بیماری سے شفایاب ہو گئے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی ) کے اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس سے انتقال کرنے والوں کی مجموعی تعداد 9 ہزار 392 ہو گئی ہے، جبکہ کُل مریضوں کی تعداد 4 لاکھ 58 ہزار 968 ہو گئی ہے۔

24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے مزید 34 ہزار 772 ٹیسٹ کیئے گئے ہیں۔

کورونا وائرس کے ملک بھر میں کُل 40 ہزار 491مریض اسپتالوں، قرنطینہ مراکز اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 2 ہزار 403 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 4 لاکھ9 ہزار 85 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔


سندھ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد دوسرے صوبوں سے زیادہ 2 لاکھ 4 ہزار 840 ہو چکی ہے، جبکہ یہاں اس موذی وائرس سے اموات 3 ہزار 333ہو گئیں۔

پنجاب میں کورونا وائرس کے اب تک 1 لاکھ 31 ہزار 933مریض سامنے آئے ہیں جبکہ اس سے ہلاکتیں دیگر صوبوں سے بڑھ کر 3 ہزار 638ہو گئیں۔

خیبر پختون خوا میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 55ہزار 183ہو چکی ہے جبکہ اس سے اموات 1 ہزار 546 ہو گئیں۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 36 ہزار 257کورونا وائرس سے متاثرہ مریض اب تک سامنے آئے ہیں جبکہ 391افراد اس وباء سے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

کورونا وائرس کے بلوچستان میں 17 ہزار 926 مریض اب تک رپورٹ ہوئے ہیں جہاں 179 افراد اس مرض سے انتقال کر چکے ہیں۔

آزاد جموں و کشمیر میں کورونا وائرس کے اب تک 8 ہزار 2 مریض رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ اس وائرس سے 206مریض وفات پا چکے ہیں۔

گِلگت بلتستان میں 4 ہزار 827کورونا وائرس کے مریض سامنے آئے ہیں جبکہ اس سے 99 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

تازہ ترین