وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اپوزیشن کی تحریک صرف این آر او کے لیے ہے، اپوزیشن نے 34 نکات لکھ کر ہم سے این آر او مانگا۔
وزیر اعظم عمران خان کی سربراہی میں پارٹی رہنماؤں اور ترجمانوں کا اجلاس ہوا، اجلاس میں وزیراعظم نے پارٹی رہنماؤں اور ترجمانوں کو اپوزیشن کی نیب قانون میں مجوزہ ترامیم سامنے لانےکی ہدایت کردی۔
عمران خان نے کہا کہ اپوزیشن نے نیب قانون میں ترمیم کی شکل میں این آر او مانگا، اپوزیشن کی تحریک کا دوسرا مرحلہ بھی ناکام ہوگا۔
عمران خان نے کہا کہ اسرائیل کے حوالے سے پاکستان کا واضح موقف ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں موجود شرکاء نے رائے دی کہ نواز شریف اور مولانا فضل الرحمان اسرائیل کو تسلیم کرنے کیلئے کوششیں کرتے رہے۔
جس پر وزیر اعظم نے کہا کہ نوازشریف اور مولانا فضل الرحمان کو ہر فورم پر بےنقاب کریں، کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ مولانا فضل الرحمان نے اثاثے بنائے انہیں نیب کے سامنے سرنڈر کرنا ہوگا۔
وزیراعظم عمران خان نے پارٹی رہنماؤں کو متحرک ہونے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ہم جہاد کررہے ہیں مافیا ہمارے خلاف پراپیگنڈہ کررہے ہیں۔