• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میرے مقدمے کوٹی وی پر لائیو دکھایا جائے، احسن اقبال



پاکستان مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے اپنے اوپر بنے مقدمے کی کارروائی کو ٹی وی پر لائیو دکھانے کا مطالبہ کردیا۔

احسن اقبال نے کہا کہ  مجھے کل احتساب عدالت پیش ہونا ہے، میرے مقدمے کوٹی وی پر لائیو دکھایا جائے۔

احسن اقبال  نے وزیراعظم عمران خان کی تقریرپر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ  ہم پر جھوٹے مقدمات بناکر آپ کب تک اپنی نااہلی اور ناکامی پر پردہ ڈالو گے؟۔

رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ آج سیلیکٹڈ عمران نیازی نےاین آر او، این آر او کھیلنےکی کوشش کی،  یہ حکومت نہایت بےشرمی کے ساتھ جھوٹ بولتی ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ حکومت کی بغل میں خود این آر او ہے اور زبان پر این آراو نہیں دوں گا۔

انہوں نے کہا کہ  عمران نیازی پہلے آپ بنی گالا رہائش کا حساب دیں، آپ نے صرف 12 لاکھ کا معمولی جرمانہ دے کر گھر ریگولرائز کروالیا۔

رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ آپ تو خود این آر او یافتہ ہیں، اپنا گھر بچایا، سیاست بچائی اور صادق و امین کا سرٹیفیکیٹ لیا، آپ این آر او سے سیلیکٹڈ حکمران بنے، اب اپوزیشن کو کہتے ہیں این آر او مانگتی ہے۔


احسن اقبال نے کہا کہ  اب وقت آگیا ہے کہ آپ کا محاسبہ کیا جائے۔

 انہوں نے کہا کہ عمران خان سیکھنےکی صلاحیت بھی نہیں رکھتے، آپ کے ذہن میں نفر ت اور حسد بھرا ہوا ہے، آپ کو پتہ چلے گا عوام کا دھرنا کیا ہوتا ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ  آپ کی کابینہ لوٹوں سے بھری ہوئی ہے،  کام اور ڈراموں میں فرق ہوتا ہے، گھر بھیج کر دم لیں گے۔

رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ پاکستان کے مسائل کا حل نئے انتخابات ہیں۔

تازہ ترین