نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں قومی ٹیم کی قیادت کے لیے منتخب ہونے والے محمد رضوان کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی ملنا خوش آئند ہے۔
نیوزی لینڈ کے خلاف آخری تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں مین آف دی میچ قرار دیے جانے والے محمد رضوان نے فینز کے سپورٹ کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ پاکستان کے لیے آج یہ میچ بہت اہم تھا۔
انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی ملنا خوش آئند ہے، بہت خوشی ہے کہ ٹیم مینجمنٹ مجھ پر بھروسہ کرتی ہے۔
محمد رضوان نے کہا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ میں اچھی کرکٹ کھیلیں گے۔
خیال رہے کہ تیسرے ٹی20 میچ میں پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد نیوزی لینڈ کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی، پاکستان کو جیت کیلئے174 رنزکا ہدف ملا تھا۔
فہیم اشرف نے 3، حارث رؤف اورشاہین آفریدی نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ پاکستان نے 19.4 اوورز میں6 وکٹوں کے نقصان پر ہدف پورا کیا۔
تین میچوں کی سیریز 1-2 سے نیوزی لینڈ کے نام رہی، پاکستان کی جانب سے محمد رضوان نے 89 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، محمد رضوان کی اننگز میں 3 چھکے اور 10 چوکے شامل تھے۔
محمد حفیظ 41 رنز بناکر نمایاں رہے، خوشدل شاہ 13 اور حیدر علی نے 11 رنز بنائے، فہیم اشرف 2 اور کپتان شاداب خان صفر پر آؤٹ ہوئے۔