• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لانگ مارچ بھی ہوگا اور استعفے بھی ہوں گے، رانا ثنااللّٰہ

پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثنااللّٰہ نے کہا ہے کہ لانگ مارچ بھی ہوگا اور استعفے بھی ہوں گے، استعفوں کا آپشن آخری آپشن ہے، یہ سمجھتے ہیں پہلا آپشن ہے۔

اپنے ایک بیان میں رانا ثنا اللّٰہ کا کہنا تھا کہ بیوروکریسی یاد رکھے کھوکھر فیملی کے گھر گرانے کے زبانی احکامات کی ذمہ داری کوئی نہیں لے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ آپ یاد رکھیں کل آپ کو مقدمے اور پیشیاں بھگتنی پڑیں گی۔

انھوں نے شریف خاندان سے متعلق کہا کہ شریف فیملی کی خواتین کو اشتہاری قرار دیا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کھوکھر فیملی کیخلاف 27 مقدمات درج کر لیے ہیں،  کھوکھر فیملی کے بچوں پر بھی مقدمات درج کر لیے۔

رانا ثنااللّٰہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ کھوکھر فیملی کو میاں نواز شریف کیساتھ کھڑے رہنے کی سزا دی جا رہی ہے۔

لیگی صدر پنجاب نے کہا کہ غیرت اور شرم و حیا سے عاری انتقام آپ کو بھی بھگتنا پڑے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ بابا رحمتے نے کھوکھروں کے ایک ایک انچ کی انکوائری کی، بنی گالا ریگولرائز ہوسکتا ہے، آپ مخالفین کے گھروں پر بلڈوزر چلانا چاہتے ہیں۔

رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ چادر اور چاردیواری کے تقدس کا خیال رکھا،  شیرینیاں ہماری جدوجہد کا راستہ نہیں روک سکتیں۔

ان کا کہنا تھا کہ انشااللّٰہ لانگ مارچ بھی ہوگا اور استعفے بھی ہوں گے، استعفوں کا آپشن آخری آپشن ہے، یہ سمجھتے ہیں پہلا آپشن ہے۔

لیگی رہنما نے کہا کہ استعفوں کا آپشن صحیح وقت پر استعمال کیا گیا تو ضمنی انتخابات کا موقع نہیں ملے گا۔

انھوں نے کہا کہ جھوٹے مقدمات ختم کرنے کا کہتے ہیں تو وہ کہتے ہیں ہم این آر او مانگ رہے ہیں۔

سانحہ ماڈل ٹاؤن پر بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ماڈل ٹاؤن واقعے میں پولیس اور طاہرالقادری کے چاہنے والوں میں تصادم ہوا، اس واقعے میں کسی قسم کی منصوبہ بندی کا عنصر نہیں تھا۔

تازہ ترین