اپوزیشن کی سب سے بڑی جماعت مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کی اہلیہ، بیٹے، بیٹی اور داماد کے اثاثے قرق کردیے۔
لاہور کی احتساب عدالت میں منی لانڈرنگ ریفرنس کی سماعت ہوئی، نیب نے اثاثے قرق کرنے کی رپورٹ جمع کرادی۔
رپورٹ کے مطابق شہباز شریف کی اہلیہ نصرت شہباز، بیٹے سلیمان شہباز، بیٹی رابعہ عمران اور داماد ہارون یوسف کے اثاثے قرق کیے گئے ہیں۔
اس موقع پر اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے حکومت پر اُن کی میڈیکل رپورٹس 15دن تک چھپانے کا الزام لگایا۔
انہوں نے کہا کہ میری میڈیکل رپورٹس تشویش ناک ہیں، پیشی سے قبل خانہ پُری کے لیے گزشتہ روز ڈاکٹروں کا بورڈ آیا۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ میڈیکل بورڈ میں کینسر کے ڈاکٹر شامل نہیں تھے۔
انہوں نے عدالت سے درخواست کی کہ میڈیکل بورڈ میں میرا علاج کرنے والے ڈاکٹروں کو شامل کیا جائے۔
اس پر عدالت نے انہیں تحریری طور پر درخواست دینے کی ہدایت کی۔