وزیراعظم عمران خان سے عالمی شہرت یافتہ باکسر عامر خان نے اسلام آباد میں ملاقات کی ہے۔
ملاقات میں پاکستان میں کھیلوں کے فروغ اور سماجی فلاح و بہبود کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی زلفی بخاری بھی موجود تھے۔
باکسر عامر خان نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ وزیراعظم عمران خان سے ایک یادگار ملاقات ہوئی، ہم جلد پاکستان کے لیے کچھ نیا کرنے والے ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں پاکستانی نژاد برطانوی باکسرعامر خان نے کرتارپور میں گوردوارہ دربار صاحب کا بھی دورہ کیا تھا۔
کرتارپور راہداری کے دورے کے بعد ویڈیو پیغام میں باکسر عامر خان کا کہنا تھا کہ گوردوارہ دربار صاحب پر حاضری خوشگوار تجربہ رہا۔
انہوں نے کہا کہ کرتارپور میں بہترین میزبانی پر شکر گزار ہوں۔ گوردوارہ دربار صاحب بین المذاہب ہم آہنگی کا حقیقی استعارہ ہے۔ پاکستان نے تمام اقلیتوں کو حقیقی مذہبی آزادی دی۔