• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تمہارے رکھوالے ہم سے کہتے ہیں تم جانو اور عمران خان جانے، مولانا فضل الرحمٰن


اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمہارے رکھوالے آئے روز کہتے ہیں ہمیں کچھ نہ کہوں، تم جانو اور عمران خان جانے۔

مردان میں اپوزیشن اتحاد کے جلسے خطاب میں مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ ہم شروع سے کہتے تھے کہ یہ نااہل ہے، اب اُس نے خود اعتراف کرلیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس نااہل نے گزشتہ روز خود کہا کہ میری حکومت چلانے کی تیاری نہیں تھی، آج پوری قوم کرب میں مبتلا ہے، عوام کا یہ سمندر اسلام آباد سے گند صاف کرے گا۔

پی ڈی ایم سربراہ نے مزید کہا کہ وہ کہتا تھا تبدیلی آئے گی، روزگار دوں گا، اب کہتا ہے اسے اعداد و شمار کا علم ہی نہیں ہوا، پوچھتا ہوں جب تم 2 اور 2، 4  ہی نہیں سمجھتے تو حکومت کیوں لی تھی؟


ان کا کہنا تھا کہ نیب اسٹیبلشمنٹ کی کٹھ پتلی ہے، بذات خود اس کی کوئی حیثیت نہیں ہے، غریبوں کی قوت خرید جواب دے چکی ہے، اب اس نااہل حکومت کو عوام پر حکمرانی کا کوئی حق نہیں۔

مولانا فضل الرحمٰن نےیہ بھی کہا کہ عمران خان میرا احتساب کرنا چاہتے ہیں لیکن خود میرے احتساب کے شکنجے میں ہے، آج پاکستان مشکلات میں گھرا ہوا ہے، داخلی اور معاشی لحاظ سے پاکستان کھوکھلا ہوچکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم خطےمیں تنہا ہوگئے، چین اور سعودی عرب ہم سے ناراض ہیں، موجودہ حکومت برقرار رہتی ہے تو پورا پاکستان ڈوب جائے گا، موجودہ حکومت کا تختہ الٹنے تک اطمینان سے نہیں بیٹھیں گے۔

پی ڈی ایم سربراہ نے کہا کہ پوری قوم کرب میں ہے، ایک ناجائز اور ظالمانہ تسلط کا سامنا ہے، ان جابروں اور آمروں کے خلاف اللّٰہ کی نصرت عوام کے ساتھ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اب کہتے ہیں کہ میرے پاس کام کے بندے نہیں، پہلے کہتا تھا کہ نوکریاں دوں گا، ملک میں شہد اور دودھ کی نہریں بہیں گی، اس حکومت نے ملکی معیشت تباہ کردی ہے۔

مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ ملکی معیشت کو انڈے اور کٹے سے ٹھیک کرنے کے دعویٰ کرنے والے دور حکومت انڈے بھی 240 روپے درجن تک پہنچ گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم تمہیں کہاں تک پہنچائیں گے، تمہیں اس کا اندازہ بھی نہیں ہے، جو تمہاری رکھوالی کرتے ہیں وہ ہمیں کہتے ہیں کہ ہمیں کچھ نہ کہو تم جانو اور عمران خان جانے۔

پی ڈی ایم سربراہ نے یہ بھی کہا کہ سپریم کورٹ کہتی ہے نیب منظم انداز سے سیاستدانوں کے خلاف کارروائی کرتا ہے۔

تازہ ترین