• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم عمران خان نے گورننس کے نظام میں خلا کی نشاندہی کی، فردوس اعوان

وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ اسپورٹس مین اسپرٹ وہ ہوتا ہے جو ہارنے کے بعد تسلیم کر کے دوبارہ مقابلے کے لیے کھڑا ہوتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے جیو نیوز  کے پروگرام کیپیٹل ٹاک میں میزبان حامد میر کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ 

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے گورننس کے نظام میں خلا کی نشاندہی کی، عمران خان وژن کو حقیقت میں تبدیل کرنے کے دوران رکاوٹوں کو سامنے لائے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم مسائل قوم کے سامنے لائے، پہلے یہ مسائل چھپائے جاتے تھے، جب تک بیورکریسی ساتھ نہ دے پالیسیوں کے نتائج نہیں آئیں گے۔

انھوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا کردار ہار نہ ماننا اور اپنے موقف پر کھڑے رہنا ہے، عمران خان کا یہی جذبہ کھیل کے میدان میں بھی تھا جو وزیراعظم ہاؤس میں ہے۔

اپوزیشن کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن ایک تماشائی کی طرح تنقید تو کر سکتی ہے لیکن بیٹ عمران خان کے ہاتھ میں ہے۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ عمران خان آئینی اور قانونی طریقے سے گراؤنڈ میں آئے یہ نقب زنی کر کے آنا چاہتے ہیں، اپوزیشن حکومت کو ٹس سے مس تک نہیں کرسکتی۔

انھوں نے کہا کہ سینیٹ کے الیکشن میں اپوزیشن کا کردار اہم ہے، پیپلز پارٹی خود اپنے بیانیے میں پھنس گئی، زرداری صاحب سینیٹ الیکشن سے پہلے استعفے دینے کے موڈ میں نہیں۔

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن سے متعلق انھوں نے کہا کہ دہرا معیار، دہرے رویے، قول و فعل کا تضاد، مولانا فضل الرحمٰن کے ساتھ پھر ہاتھ ہوگیا۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پیپلز پارٹی کسی صورت استعفوں کے عمل میں حصہ دار نہیں بنے گی، مریم نواز اور مولانا فضل الرحمٰن کو اسی طرح پیپلز پارٹی رش میں پھنسی نظر آئے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ سینیٹ الیکشن سے متعلق جو رہنمائی کرے گی عمل کریں گے لیکن تیرا کیا بنے گا کالیا؟ 

انھوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کا بیانیہ تتربتر ہوگیا ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن کی جماعت میں بغاوت ہوچکی ہے، مولانا فضل الرحمٰن حکومت کے خلاف تحریک چلانے نکلے تھے، مولانا فضل الرحمٰن کی اپنی جماعت میں ان کے خلاف تحریک چل پڑی۔

انھوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کی فلم سنیما میں لگنے سے پہلے ہی فلاپ ہوچکی ہے۔

تازہ ترین