وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس ویکسین کی خریداری سے متعلق کابینہ کمیٹی کا پہلا اجلاس کل ہوا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے اپنے بیان میں فواد چوہدری نے کہا کہ کورونا وائرس ویکسین کی پاکستان میں درآمد پیچیدہ اور اہم معاملہ ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ کمیٹی کا ٹارگٹ ہے کہ بہترین ویکسین کم قیمت پر پاکستان میں جلد ازجلد مہیا ہوسکے۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ قیمت سے زیادہ اہم ویکسین کا مکمل محفوظ ہونا ہے اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 2 ہزار 256 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 111 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، جبکہ 1 ہزار 782 مریض اس بیماری سے شفایاب ہو گئے۔