• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ڈی ایم انتشار کی سیاست کررہی ہے،کوئی استعفیٰ نہیں آئیگا، غلام سرور خان

ٹیکسلا(نمائندہ جنگ) وفاقی وزیر ہوابازی غلام سرور خان نے کہا کہ پی ڈی ایم کی بلاجواز چیخ وپکار کے باوجود احتساب کا عمل جاری رہے گا، یہ انتشار، بے یقینی پھیلانے کی سیاست کررہے ہیں،کسی کا استعفیٰ نہیں آئے گا بلکہ،ن لیگ،پی پی پی کی اکثریت مستعفی نہیں ہوگی،دونوں بڑی جماعتوں کے چارٹر آف ڈیموکرسی میں سینٹ الیکشن شو آف ہینڈ کے ذریعے کرانے پر اتفاق رائے موجود ہے ، پی آئی اے میں چھانٹی شروع کردی، 1900ملازمین نے ریٹائر ہونے کیلئے درخواستیں دیدیں، گذشتہ روز انصاف سیکرٹریٹ ٹیکسلا میں پر یس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئےانہوں نے کہا کہ سینٹ الیکشن میں ”خرید وفروخت“ کا مکروہ دھندہ ہوتا ہے جسے روکنے کیلئے شو آف ہینڈ کا طریقہ کار اختیار کرنے کیلئے قانونی رائے کیلئے اعلیٰ عدلیہ سے رجوع کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ میرا دامن صاف ہے اور میں اسمبلی فلور پر اپنے اور پوری وفاقی کابینہ کے اراکین کے احتساب کا مطالبہ کرچکاہوں، پی ڈی ایم کسی بیرونی اشارہ پر پاکستان کو غیر مستحکم کرنےکے منصوبے پر کام کررہی ہے ، عوام نے ہر شہر اور ہر مقام پر اس کی کال مسترد کردی، بہت جلد پی ڈی ایم کا شیرازہ بکھر جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ٹیکسلا میں62 کروڑ40لاکھ روپے کی خطیر رقم کورونا کے دوران تقسیم کی گئی جبکہ 22299افراد کو ہیلتھ کارڈ تقسیم کئے جاچکے ہیں، ایک ارب روپے سے زائد لاگت سے ٹیکسلا فیصل شہید روڈ پر بہت جلد کام کا آغا ز کردیا جائے گا۔ پی آئی اے میں وی ایس ایس کے تحت ملازمین کی چھانٹی کا آغاز کردیا ، دو روز قبل تک 1900ملازمین نے وی ایس ایس سکیم کے تحت ریٹائر ہونے کیلئے درخواستیں دے دی ہیں،آئندہ سال8 نئے جہاز خریدے جائیں گے۔

تازہ ترین