• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب میں شدید دھند، لاہور میں کل بارش کا امکان

پنجاب کے مختلف میدانی علاقے گزشتہ رات سے شدید دھند کی لپیٹ میں ہیں ،جس کی وجہ سے موٹرویز کے مختلف حصے ٹریفک کیلئے بند کر دیئے گئے، لاہور ایئر پورٹ پر حد نگاہ کم ہونے پر پروازوں کا شیڈول بھی متاثر ہوا ہے، محکمہ موسمیات نے اتوار کے روز بارش کا اامکان ظاہر کیا ہے۔

لاہور، قصور، فیصل آباد، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، گجرات، پنڈی بھٹیاں، گوجرہ، کلرکہار سمیت پنجاب کے دیگر میدانی علاقوں میں دھند کا راج ہے اور حد نگاہ کم ہونے پر لاہور پنڈی بھٹیاں موٹر وے، پنڈی بھٹیاں گوجرہ ایم فور، لاہور رجانہ ایم تھری بند کر دی گئی ہیں.

قومی شاہراہ پرٹھوکرنیاز بیگ ،چوہنگ،مانگا منڈی،پتوکی،اوکاڑہ ،ساہیوال، ہڑپہ اور چیچہ وطنی میں بھی شدیددھند ہے۔

دھند کے باعث ایئرپورٹ پر پروازوں کا شیڈول بھی متاثر ہوا ہے۔

موٹروے حکام نےروڈ یوزرز کو ہدایت کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں،،فوگ لائٹس استعمال کر یں، تیز رفتاری سے پرہیز اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 04 اورزیادہ سے زیادہ 11 ڈگری سنٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیاہے،جبکہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور سمیت مختلف علاقوں میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔

تازہ ترین