• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ڈی ایم آج گڑھی خدا بخش میں سیاسی قوت کا مظاہرہ کریگی


پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ آج شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر گڑھی خدا بخش میں سیاسی قوت کا مظاہرہ کرے گی، جلسے سے نائب صدر مسلم لیگ نون مریم نواز اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو خطاب کریں گے ، جبکہ سابق صدر آصف علی زرداری بھی کارکنوں سے ورچوئل خطاب کریں گے۔

گڑھی خدابخش میں برسی کی مزکری تقریب دوپہر ایک بجے شروع ہوگی پہلے مشاعرہ اور بعد میں قائدین کاخطاب ہوگا۔

جے یو آئی ف کے مولانا عبدالغفور حیدری، اختر مینگل اور دیگر رہنما بھی خطاب کریں گے۔

مزار کے احاطے میں پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کی تصاویر لگائی گئی ہیں، جبکہ جلسہ گاہ میں مرکزی اسٹیج پر اسکرین بھی نصب ہے۔

پولیس کے 7 ہزار اہلکار برسی کے موقع پر جلسے میں ڈیوٹی انجام دیں گے، 200 خواتین پولیس اہلکار بھی لیڈیز انکلوژر میں فرائض انجام دیں گی۔

برسی کے موقع پرمیڈیکل کیمپ بھی لگائے گئے ہیں۔

شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر آج ہونے والے جلسے میں شرکت کے لیے مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز پارٹی کے دیگر رہنماؤں کے ساتھ سکھر پہنچیں، جہاں انہوں نے صوبائی وزیرِ اطلاعات ناصر حسین شاہ کے صاحبزادے کمیل حیدر شاہ کے عشائیے میں شرکت کی۔

مہمانوں کی تواضع سندھی بریانی، ساگ، مکئی کی روٹی اور مکھن سے کی گئی، عشائیے میں مٹن سجی، ہرن کا گوشت، تیتر، بیٹر، نہاری سمیت دیگر ڈشز بھی رکھی گئی تھیں۔

عشائیے میں شرکت کے بعد مریم نواز کی سربراہی میں 9 رکنی وفد نوڈیرو بھٹو ہاؤس پہنچا جہاں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، آصفہ بھٹو زرداری، فریال تالپور اور شیری رحمٰن نے ان کا استقبال کیا۔

مسلم لیگ نون کے وفد میں کیپٹن ریٹائرڈ صفدر، مریم اورنگزیب، پرویز رشید، محمد زبیر اور مفتاح اسماعیل شامل ہیں جبکہ شاہ محمد شاہ، ثانیہ عاشق اور مصدق ملک بھی مسلم لیگ نون کے وفد کا حصہ ہیں، وفد آج نو ڈیرو میں قیام کرے گا۔

محترمہ بینظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر پی ڈی ایم کا وفد گڑھی خدا بخش پہنچے گا، جہاں مریم نواز سمیت دیگر پارٹی رہنما شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے مزار پر حاضری دیں گے۔

گڑھی خدا بخش میں جلسے سے مریم نواز، بلاول بھٹو اور دیگر پی ڈی ایم کے رہنما خطاب کریں گے، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری جلسہ گاہ پہنچنے والے پی ڈی ایم قائدین کا استقبال کریں گے۔

جلسے کے بعد پاکستان پیپلزپارٹی کی جانب سے کل پی ڈی ایم قائدین کے اعزاز میں بھٹو ہاؤس، نوڈیرو میں عشائیہ بھی دیا جائے گا۔

تازہ ترین