دو مرتبہ پاکستان کی وزیراعظم رہنے والی اور مسلم دنیا کی پہلی خاتون سربراہ حکومت بے نظیر بھٹو کے اُن جذباتی لمحات کی تصویریں سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں جب وہ دبئی سے آخری مرتبہ پاکستان کے لیے روانہ ہوئی تھیں۔
آج شہید محترمہ بےنظیر بھٹو کی 13ویں برسی بڑے ہی عقیدت و احترام سے منائی جارہی ہے اور اس موقع پر دُنیا بھر میں اُن کے چاہنے والے بی بی کی یاد میں غمزدہ ہیں۔
شہید محترمہ بےنظیر بھٹو کے چاہنے والے سوشل میڈیا پر مختلف طریقوں سے اُنہیں خراجِ عقیدت پیش کر رہے ہیں۔
انہی لوگوں میں رابطہ سکریٹری (پی پی پی) عبدالماجید کلوار بھی شامل ہیں جنہوں نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایک خاص انداز میں شہید محترمہ بےنظیر بھٹو کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
عبدالماجید کلوار نے ٹوئٹر پر اُن جذباتی لمحات کی تصویریں شیئر کی ہیں جب شہید محترمہ بےنظیر بھٹو دبئی سے آخری مرتبہ پاکستان کے لیے روانہ ہوئی تھیں۔
ٹوئٹر پر شیئر کی گئی تصویروں میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شہید محترمہ بےنظیر بھٹو اپنے اہلخانہ سے گلے مل رہی ہیں اور اس موقع پر سابق صدر آصف زرداری، بختاور بھٹو اور آصفہ بھٹو بھی بےحد خوش نظر آرہی ہیں۔
عبدالماجید کلوار نے تصویریں شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’دبئی میں وہ جذباتی لمحات کہ جب شہید محترمہ بینظیر بھٹو 18 اکتوبر 2007 کو پاکستان روانہ ہو رہی تھیں۔‘
اُنہوں نے لکھا کہ ’اپنی جان کو لاحق خطرات کے بارے میں جاننے کے باوجود بھی محترمہ بےنظیر بھٹو پاکستان آگئیں اور ہمارے حقوق کی جنگ لڑی۔‘
خیال رہے کہ بے نظیر بھٹو 21 جون 1953میں پیدا ہوئیں اور محترمہ بے نظیر ذوالفقار علی بھٹو بیگم نصرت بھٹو کی سب سے بڑی بیٹی تھیں۔
جلا وطنی کے بعد 2007 میں بے نظیر بھٹو کراچی واپس آئیں جہاں ان کے قافلے پر حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں درجنوں افراد ہلاک ہو گئے تاہم حملے میں بے نظیر بھٹو محفوظ رہیں لیکن 27 دسمبر 2007 میں راولپنڈی کے لیاقت باغ میں قاتلانہ حملے میں شہید ہو گئیں تھی۔