بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف کوریو گرافر اور ہدایت کار ریمو ڈی سوزا نے بالی ووڈ کے سلطان سلمان خان کو سُنہرے دل والا انسان قرار دے دیا۔
بالی ووڈ کے سُپر اسٹار سلمان خان آج اپنی 55 ویں سالگرہ منا رہے ہیں اور اس موقع پر جہاں اُنہیں دُنیا بھر سے محبت بھرے پیغامات موصول ہو رہے ہیں تو وہیں معروف کوریوگرافر ریمو ڈی سوزا نے بھی سلمان خان کے لیے خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔
ریمو ڈی سوزا نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر سلمان خان کے ہمراہ اپنی یادگار تصویر شیئر کی ہے جس میں ریمو ڈی سوزا نظریں جُھکائے کھڑے ہیں جبکہ سلمان خان حیرت زدہ نظر آ رہے ہیں۔
بھارتی کوریوگرافر نے تصویر کے کیپشن میں سلمان خان سے مخاطب ہوتے ہوئے لکھا کہ ’سالگرہ مبارک ہو۔‘
اُنہوں نے سلمان خان کی سپورٹ کے لیے شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ ’آپ کا دل سُنہرا ہے اور میں آپ سے بہت پیار کرتا ہوں۔‘
اس سے قبل ریمو ڈی سوزا کی اہلیہ نے انتہائی ضرورت کے وقت ’جذباتی سپورٹ ‘پر سلمان خان کا شکریہ ادا کیا تھا اور اُنہیں فرشتہ قرار دیا تھا۔
لیزیلے نے سلمان خان کو فرشتہ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ شکریہ بھائی آپ مشکل وقت میں ہمیشہ ہمارے ساتھ رہے، میں دل کی گہرائیوں سے آپ کی شکر گزار ہوں۔
واضح رہے کہ ریمو ڈی سوزا کو گزشتہ دنوں دل کا دورہ پڑنے پر اسپتال میں داخل کروایا گیا تھا، تاہم اب اُنہیں ڈسچارج کر دیا گیا ہے، انہوں نے سلمان خان کے ساتھ ’ریس 3‘ میں کام کیا تھا۔
دوسری جانب سلمان خان آج 55 سال کے ہوگئے ہیں، وہ بھارتی شہر اندور میں 27 دسمبر 1965ء کو پیدا ہوئے تھے۔
1988ء میں اداکاری کی شروعات کرنے والے سلمان خان کو آج دنیا سُپر اسٹار ہونے کے علاوہ، پروڈیوسر اور گلوکار کے طور پر بھی جانتی ہے، اپنے کیریئر میں سلمان خان کئی ایوارڈز بھی جیت چکے ہیں۔