• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی کوریوگرافر ریمو ڈی سوزا اسپتال سے ڈسچارج

بھارتی انڈسٹری کے معروف کوریوگرافر اور ہدایت کار ریمو ڈی سوزا کامیاب انجیو پلاسٹی کے بعد اسپتال سے ڈسچارج ہوگئے۔

گزشتہ دنوں دل کا دورہ پڑنے کی وجہ سے اسپتال منتقل ہونے والے بھارتی کوریوگرافر ریمو ڈی سوزا اب اپنے گھر آگئے ہیں اور اس حوالے سے اُنہوں نے اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک خصوصی پوسٹ شیئر کی ہے۔


ریمو ڈی سوزا نے انسٹاگرام پر اپنی ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں وہ پہلے سے کافی بہتر نظر آرہے ہیں جبکہ اُن کے ہاتھ کچھ غبارے بھی ہیں جنہیں دیکھ کر اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ وہ اپنی گھر واپسی پر جشن منارہے ہیں۔

بھارتی کوریوگرافر نے انسٹاگرام پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے اُن تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ریمو ڈی سوزا کی جلد صحتیابی کے لیے ناصرف دُعائیں کی تھیں بلکہ اُن کے لیے محبت بھرے پیغامات بھی جاری کیے تھے۔

ریمو ڈی سوزا نے لکھا کہ ’میں واپس آگیا ہوں۔‘

اُنہوں نے شاندار استقبال کے لیے اپنے بیٹے اور بیوی کا بھی شکریہ ادا کیا۔

یاد رہے کہ  46 سالہ ریمو ڈی سوزا کو گزشتہ دنوں دل میں تکلیف ہوئی تھی جس کے باعث اُنہیں ممبئی کے کوکیلا بین دھیرو بھائی امبانی اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں زیرِعلاج تھے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریمو ڈی سواز کی اسپتال میں انجیو پلاسٹی کی گئی تھی۔

تازہ ترین