• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلوچستان، ہرنائی میں ایف سی چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کا حملہ، 7 اہلکار شہید، بھارت عسکریت پسندوں کا پشت پناہ، وزیراعظم

بلوچستان، ہرنائی میں ایف سی چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کا حملہ، 7 اہلکار شہید


کراچی، ہرنائی /کوئٹہ( اسٹاف رپورٹر، نمائندگان جنگ، خبرایجنسی) بلوچستان کے ضلع ہر نائی میں ایف سی کی چیک پوسٹ پر دہشتگر دوں کے حملے اور فائر نگ کے تبا دلے میں 7ایف سی اہلکار شہید ہو گئے۔

دہشتگردوں کی گرفتاری کیلئے تمام راستیں بند، سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن شروع کردیاگیا،شہداء میںنائب صوبیدار گلزار، سپاہی فیصل، سپاہی عبدالوکیل، سپاہی شیر زمان، جمال، عبدالرؤف اور فقیر محمد شامل ہیں۔

ادھرآئی ایس پی آر نے کہاہےکہ دہشتگردوں کو بلوچستان کا امن تباہ کرنے نہیں دینگے، وزیراعظم عمران خان نے جوانوں کی شہادت پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ بھارت عسکریت پسندوں کا پشت پناہ ہے، شدت پسندوں کو کیفر کردار تک پہنچاکر رہیں گے، مزید برآں شبلی فراز، گورنر، وزیر اعلیٰ و دیگر نے بھی شدید مذمت کی ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق آئی ایس پی آر کا کہناہےکہ ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب ضلع ہرنا ئی کی تحصیل شاہر گ میں ایف سی کی چیک پوسٹ پر نامعلوم دہشتگروں نے حملہ کر دیا۔

فائرنگ کے تبا دلے میں ایف سی کےسا ت اہلکار نائب صو بیدار گلزار سا کن میاں والی، سپا ہی فیصل سا کن حافظ آباد، سپا ہی عبد الوکیل ساکن پشین، سپا ہی شیر زمان ساکن کو ہاٹ ،سپا ہی جمال سا کن ڈیرہ بگٹی، عبدالر ؤف ساکن ڈیرہ غا زی خان،فقیر محمد ساکن مظفر گڑھ شہید ہو گئے۔

سکیورٹی فورسز نے شدت پسندوں کی گرفتاری کے لئے تمام راستوں کو بند کر دیا اوربڑے پیمانے پر سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر نے اپنے جاری بیان میں کہا ہے کہ ریاست مخالف قوتوں کے حمایت یافتہ عناصر کی بزدلانہ کارروائیوں سے بلوچستان میں امن و خوشحالی کو سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، سیکورٹی فورسز ہر قیمت پر دہشتگردوں کے مذموم مقاصد کو ناکام بنانے کے لئے پرعزم ہیں۔ 

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگردوں کو بھارتی پشت پناہی حاصل ہے، دہشتگر حملے میں 7بہادر جوانوں کی شہادت پر دکھی ہوں،میں شہدا کے لیے دعا اور اہل خانہ سے دلی تعزیت کرتا ہوں، ہماری قوم ہمارے بہادر فوجیوں کے ساتھ کھڑی ہے،بہادر فوجی جوانوں کو بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے حملوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے ہرنائی بلوچستان میں ایف سی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کی فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہدا کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنے فرائض کی ادائیگی کے دوران اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے۔

وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ شہدا کے بلند درجات اور لواحقین کے صبر جمیل کے لئے دعا کرتے ہیں۔ دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیاں قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتیں۔ دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچا کر دم لیں گے۔

تازہ ترین