گاجر اور چقندر کا شمار سردیوں کی بہترین غذاؤں میں ہوتا ہے، گاجر آنکھوں کے لیے بے حد مفید ہے کیوں کہ اس میں بیٹا کیروٹین ہوتا ہے۔
دوسری جانب موسم سرما میں با آسانی دستیاب ہونے والا اور غذائیت سے بھرپور ’چقندر‘ بطور غذا ایک ایسا آپشن ہے جسے فائبر، فولیٹ، میگنیز، پوٹاشیم، آئرن اور وٹامن سی کا اہم ذریعہ تسلیم کیا جاتا ہے۔
اگر گاجر اور چقندر کے جوس کی بات کی جائے تو غذائیت سے بھرپور گاجر کا جوس کئی مہلک امراض کو روکنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔ گاجر کے جوس میں بہت زیادہ مقدار میں موجود وٹامن Aموجود ہوتا ہے جو کہ آنکھوں، جگر، جلد، ہڈیوں اور دانتوں کے لیے بہت ہی اہم ہے۔
اس کے علاوہ اس میں وٹامن سی، بی، ای، ڈی، پروٹینز، پوٹاشیم، کیلشیم، آئرن، کاپر اور بہت سے دوسرے لازمی اجزاء پائے جاتے ہیں۔
چقندر کے جوس کو صحت کے متعدد فوائد سے منسلک کیا جاتا ہے۔ ان فوائد میں خون کا بہتر بہاؤ، لو بلڈپریشر اور ورزش کی کارکردگی میں اضافہ جیسے عوامل شامل ہیں جس کی وجہ اس میں موجود غیر نامیاتی نائٹریٹس ہیں۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر گاجر کے جوس میں تھوڑا سا چقندر اور سیب بھی شامل کر لیا جائے تو اس کے فوائد مزید بڑھ جاتے ہیں۔ جن میں سےکچھ یہ ہیں:
. گاجر اور چقندرکے جوس کے استعمال سے خون کے سرخ خلیوں میں اضافہ ہوتا ہے، خون پتلا ہوتا ہے اور دوران میں اعتدال آتا ہے۔ جس کی وجہ سے بلڈپریشر سے محفوظ رہا جاسکتا ہے اور انسان صحت مند رہتا ہے۔
. گاجر اور چقندر کا جوس کینسر سے بچائو کے لیے مفید ہے کیونکہ اس کے جوس کا استعمال کینسر سے متاثرہ خلیوں کی پرورش کو روکتا ہے۔ ایک خیال یہ بھی ہے کہ کینسر کے مریض اگر اس جوس کو مسلسل استعمال کریں تو یہ بیماری مکمل طور پر ختم بھی ہو سکتی ہے۔
. تحقیقی نتائج ثابت کرتے ہیں کہ چقندر کا جوس چند گھنٹوں کے دوران ہی بلڈپریشر میں 3-10mmHg تک کمی لاسکتا ہے۔
. جگر، گردوں اور لبلبہ کی حفاظت کے لیے گاجر بہترین ہے جبکہ السر کی بیماری میں بھی بہت مفید ہے۔
. گاجر اور چقندر کا جوس پھیپھڑوں کو قوت بخشتا ہے اور بلڈ پریشر کو بھی کنٹرول کرتا ہے۔ اس کے علاوہ قوت مدافعت میں بھی زبردست اضافہ کرتا ہے۔
. گاجر اور چقندر کا جوس آنکھوں اور بینائی کے لیے تو مفید ہے ہی لیکن اس کے ساتھ ساتھ یہ آنکھوں کو روشنی اور قوت بھی بخشتا ہے، ساتھ ہی بینائی تیز کرتا ہے۔
. قبض کے خلاف مزاہمت کرتاہے، بدہضمی کی وجہ سے سینے میں پیدا ہونے والی جلن کو دور کرتا ہےاور جِلد کی رنگت کو نکھارنے کے لیے بہت مفید ہے۔
. اس کے علاوہ جسم سے فضول فیٹس کو نکلنے میں مدد دیتا ہے اور جگر کی صفائی میں بہت ہی اہم کردار ادا کرتا ہے۔