• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سبزیاں قدرتی وٹامنز اور منرلز کا مجموعہ قرار دی جاتی ہیں، موسم سرما کے آتے ہی مزیدار طرح طرح کی رنگ برنگی سزیاں بھی مارکیٹ میں با آسانی دستیاب ہوتی ہیں، ان سبزیوں کے استعمال سے صحت پر کیا مثبت فوائد آتے ہیں ان سے متعلق جاننا لازمی ہے۔

ماہرین غذائیت کے مطابق سردیوں میں ہمیں وٹامن سی کی زیادہ ضرورت زیادہ ہوتی ہے، قدرت نے سردیوں کی سبزیوں اور پھلوں میں وٹامن سی کی بھر پور مقدار رکھی ہے، سبزیوں میں موجود وٹامن سی انسانی جسم میں موجود پانی اورخون میں شامل ہونے کے بعد قوت مدافعت بڑھانے میں مدد فراہم کرتا ہے جس کے نتیجے میں ہم سردیوں میں وائرل، انفیکشنز اور موسمی بیماریوں سے بچ جاتے ہیں۔

وٹامن سی کے استعمال سے خوبصورتی میں بھی اضافہ ہوتا ہے، رنگت نکھرتی ہے، جلد صاف ہوتی ہے، بال لمبے اور صحت مند ہوتے ہیں حتیٰ کے ناخنوں کی صحت پر بھی مثبت اثر آتا ہے اور ناخن مضبوط ہوتے ہیں۔

وٹامن سی سردیوں میں دستیاب سبزیوں اور پھلوں جیسے کہ چقندر، شکرقندی، ٹماٹر، کینو، نار نجی، فروٹر، اسٹرابیری، سبز مرچ، پیاز، لیموں، چکوترا،  پالک،  آلو، چقندر اور شملہ مرچ وغیرہ میں بھر پور مقدار میں پایا جاتا ہے ۔


سائنسی تحقیق کے مطابق وٹامن سی فالج سے متاثرہ مریضوں کی صحت مند زندگی کی جانب بڑھنے میں کر دار ادا کرتا ہے، اسی طرح بلڈ پریشر کنٹرول کرنے اور اس کو متوازن رکھنے میں مدد فراہم کرتا ہے، منفی کولیسٹرول، اعصابی تناؤ، ہڈیوں اور ناخنوں کی کمزوری، الرجی اور خشک جلد سے بچاؤ میں وٹامن سی نہایت مفید ہے ۔

موسم سرما کی متعدد سبزیوں میں وٹامن سی پایا جاتا ہے، سپلیمنٹس سے ہٹ کر اگر روزانہ اپنی غذا میں سبزیوں کا استعمال بڑھا لیا جائے تو وٹامن سی سمیت کئی منرلز اور وٹامنز حاصل ہوتے ہیں۔

موسم سرما کی سبزیاں

چقندر

سردی کے موسم میں آسانی سے دستیاب سبزی چقندر کو سردی کی خصوصی سبزی کہا جاتا ہے، چقند وٹامن سی مہیا کرنے سمیت خون کی کمی سے نجات دلاتی ہے، چقندر کو بطور سلاد اور سالن کی صورت میں پکا کر بھی کھایا جاسکتا ہے۔

چقندر کا جوس خون کی کمی دور کرنے کے لیے بہترین ہے، اس کا روزانہ استعمال کرنا چاہیے، چقندر حاملہ خواتین کے لیے بہترین سلاد قرار دیا جاتا ہے۔

چقندر کھانے سے جسم سے فاسد مادوں کا اخراج بھی ممکن ہوتا ہے، اس میں فولک ایسڈ بھی پایا جاتا ہے، چقندر کے استعمال سے ڈیہائیڈریشن کا خدشہ بڑھ جاتا ہے لہٰذا اس کے استعمال کے ساتھ پانی کی مقدار بڑھا دیں ۔

چقندر پیس کر یا اس کا جوس نکال کر چہرے پر لگانے سے چہرہ سرخی مائل اور شاداب نظر آتا ہے۔

لیموں

لیموں سردیوں اور گرمیوں دونوں میں آسانی سے مارکیٹ سے مل جاتا ہے، لیموں کے  بے شمار فوائد ہیں، لیموں پانی پینا معالجین کی جانب سے تجویز کیا جاتا ہے، لیموں کے استعمال سے وزن کنٹرول میں رہتا ہے، لیموں کا اچار پرانے زمانے کی روایات میں سے ایک روایت ہے۔

گاجر

طبی ماہرین کے مطابق گاجر کا جوس کینسر کے سبب بننے والے اضافی خلیات کی پرورش کو روکتا ہے اور اس کے مسلسل استعمال سے بیماری کا مکمل خاتمہ بھی ممکن ہے، گاجر رنگت نکھارنے اور جلد کو چمکدار بنانے میں معاون ہے۔

گاجر میں موجود وٹامن اے کی موجودگی آنکھوں، جگر، جِلد، ہڈیوں اور دانتوں کے لیے انتہائی ضروری ہے، اس کے علاوہ وٹامن سی، بی، ای، ڈی، پروٹینز، پوٹاشیم، کیلشیم، آئرن، کاپر اور بہت سے دوسرے ضروری اجزا پائے جاتے ہیں جو انسانی جسم کے لیے انتہائی مفید ہیں۔

مولی

غذائی ماہرین کے مطابق مولی کا استعمال گردے میں پتھری، یرقان اور جگر فعال بنانے میں بہترین مددگار ہے، نشہ آور ادویات سے نجات حاصل کرنے کے لیے بھی مولی کے سبز پتوں کا استعمال کیا جاتا ہے، مولی کے استعمال سے غذا جلدی ہضم ہوتی ہے، مولی بطور سلاد استعمال کی جا سکتی ہے ۔

مٹر

موسم سرما کی سب سے زیادہ استعمال کی جانے والی سبزی مارکیٹ میں آسانی سے دستیاب مٹر میں پروٹین کی وافر مقدار پائی جاتی ہے، اس میں وٹامن اے، وٹامن کے موجود ہوتا ہے جبکہ مٹر میں بہت کم کیلوریز پائی جاتی ہیں، اس کے استعمال سے بھی پروٹین کی مطلوب مقدار پوری ہو جاتی ہے اور وزن میں کمی بھی آتی ہے۔

پالک

کیلشیم اور آئرن سے بھر پور پالک کے استعمال سے خون کی کمی دور ہوتی ہے، اسے ڈائٹنگ میں استعمال کیا جائے تو بہترین نتائج حاصل ہوں گے، پالک میں پروٹین کی بھاری مقدار کے باعث ماہر غذائیت اس کے استعمال کو تجویز کرتے ہیں، پالک کا استعمال سلاد کے طور پر بھی کیا جاتا ہے۔

بروکولی

سلاد کے طور پر استعمال کی جانے والی بروکولی میں قدرت نے صحت کا خزانہ رکھا ہے، اس کے استعمال سے منرلز، پروٹین اور وٹامنز کی کمی پوری ہو جاتی ہے، اس کے روزانہ کے استعمال سے وزن میں واضح کمی آتی ہے۔

شلجم

پوٹاشیم سوڈیم، کیلشیم، میگنیشیم اور آئرن سے بھرپور شلجم موسم سرما کی ایک مشہور سبزی ہے، شلجم کے استعمال سے بینائی تیز ہوتی ہے، جسم کو طاقت فراہم کرتا ہے، قبض، کھانسی، پتھری اور جوڑوں کے درد میں ایک مفید غذا ہے۔

سردیوں میں ہاتھ پاؤں پھٹنے میں شلجم کے جوشاندے سے ہاتھ پاؤں دھونے سے فائدہ ہوتا ہے، چہرے کی رنگت نکھارنے کے لیے اور دیگر جلدی امراض میں شلجم کے بیج باریک پیس کر کسی بھی فیس ماسک میں ملا کر استعمال کیا جا سکتا ہے۔

شلجم کے بیجوں سے بننے والے اُبٹن کے استعمال سے رنگت نکھرتی ہے، چہرے کے داغ دھبوں اور چھائیوں کا خاتمہ ہوتا ہے۔

تازہ ترین