• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیپلز پارٹی اجلاس کے بعد استعفوں، جلاؤ گھیراؤ کی باتیں دم توڑ گئیں، شبلی فراز


وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے اجلاس کے بعد اپوزیشن اتحاد (پی ڈی ایم) قصہ پارینہ بن چکی۔

وفاقی کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں شبلی فراز نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی (سی ای سی) اجلاس کے بعد استعفوں اور جلاؤ گھیراؤ کی باتیں دم توڑگئی ہیں۔

انہوں نےکہا کہ پی ڈی ایم قصہ پارینہ بن چکی، اپوزیشن اتحاد کمزور ہوگیا، یہ خود ٹوٹ پھوٹ گئے ہیں، پی ٹی آئی کی حکومت کیا گرائیں گے؟


وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم کی کئی پارٹیوں کے اندر تحریک شروع ہوگئی ہے، جس کی ایک مثال مولانا شیرانی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کے غیر ذمے دارانہ جلسوں کے باوجود کووڈ19 کو قابو میں رکھیں گے، سندھ حکومت نےکووڈ میں مکمل لاک ڈاؤن کا فیصلہ وفاقی حکومت کے فیصلے کے برخلاف کیا۔

شبلی فراز نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نےاس عزم کا اعادہ کیا کہ پسماندہ طبقوں کی فلاح ترجیح ہوناچاہیے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے گندم کے مسئلے پر خود غرضی کا مظاہرہ کیا، سیاسی فائدے کے لیے گندم کی ریلیز روکے رکھی۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ سندھ حکومت کے اقدام کے باعث گندم کی قیمت بڑھ گئی اور اس کی پوری سپلائی چین متاثر ہوئی۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے گندم کی طرح گیس کے مسئلے کو بھی سیاسی طور پر لے لیا ہے، 18ویں ترمیم کے بعد صوبے کا یہ رول نہیں کہ وہ آزاد مملکت بن جائیں۔

تازہ ترین