• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیپلز پارٹی کی سی ای سی اجلاس میں استعفے دینے کی مخالفت


پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی (سی ای سی) کے اجلاس میں شرکاء کی اکثریت نے اسمبلیوں سے استعفوں کی مخالفت کردی۔

بلاول ہاؤس کراچی میں پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی زیرِ صدارت 3 گھنٹے طویل اجلاس ہوا۔

سی ای سی اجلاس کے شرکا نے کہا کہ اگر سابق وزیر اعظم نواز شریف وطن واپس آکر لانگ مارچ کی قیادت کرتے ہیں تو استعفوں پر غور کیا جاسکتا ہے۔


اجلاس میں یہ بھی کہا گیا کہ قبل ازوقت استعفوں سے حکومت کو اٹھارہویں آئینی ترمیم اور دیگر جمہوری قوانین کو ختم کر نے کا موقع مل جائے گا ۔

پی پی کی سی ای سی کی قانونی ماہرین سے بھی رائے لی گئی اور کہا گیا کہ استعفے سینیٹ الیکشن میں رکاوٹ پیدا نہیں کرسکتے، استعفوں کے بعد کا لائحہ عمل بھی واضح نہیں ہے ۔

اے پی سی اعلامیے میں واضح تھا کہ استعفے مناسب وقت پر دیے جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق دوران اجلاس بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ان کا عزم ہے کہ تمام جمہوری قوتوں کو ساتھ لے کر چلا جائے۔

اس موقع پر شرکاء نے شہید بینظیر بھٹو نے13ویں برسی کی تقریب میں پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کی غیر موجودگی پر دکھ کا اظہار کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق حکومت مخالف مہم میں کسانوں، وکلاء، تاجر اور ڈاکٹر تنظیموں سے رابطے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

تازہ ترین