• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قانون کی خلاف ورزی پر فضل الرحمٰن کی گرفتاری نیب کا حق ہے، شفقت محمود

وفاقی وزیر شفقت محمود نے کہا ہے کہ لوگوں کو حکومت نہیں نیب گرفتار کررہی ہے، وہ آزاد ادارہ ہے، ہمارے لوگوں کو بھی پکڑ چکا ہے۔

جیو نیوز کے پروگرام ’کیپٹل ٹاک‘ میں میزبان حامد میر سے گفتگو میں شفقت محمود نے کہا کہ نیب چیئرمین کے بیانات ہمارے خلاف بھی آئے اور اپوزیشن کے خلاف بھی آچکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے قانون کی خلاف ورزی کی ہے تو نیب کو حق ہے وہ انہیں گرفتار کرے۔


وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ خواجہ محمد آصف کو نیب نے گرفتار کیا ہے، ان پر چارجز ایسے ہیں، جن کے جوابات دیتے ہیں تو اُن کے ساتھ مسئلہ نہیں ہو گا۔

اُن کا کہنا تھا کہ خواجہ آصف پر الزام یہ ہے کہ 2013ء میں ان کے اثاثے 1 کروڑ 13 لاکھ روپے کے تھے اور 5 سال بعد اثاثے 10 گنا سے زائد بڑھ گئے۔

شفقت محمود نے یہ بھی کہا کہ ہوسکتا ہے سابق وفاقی وزیر کے اثاثے جائز طریقے سے بڑھے، وہ اچھے کارروباری ثابت ہوئے، ساتھ ہی یہ بات بھی سامنے آئی کے اقامے کی وجہ سے انہیں 8 کروڑ کی رقم باہر سے آئی۔

انہوں نے کہا کہ خواجہ آصف نیب کے سوالات کے جواب دیں، ورنہ وہ جانے اور نیب جانے، اگر جواب مل گئے ہیں تو اچھی بات ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ این آر او، وزیراعظم کے استعفے پر بات نہیں کریں گے، پیپلز پارٹی کے استعفے کا کوئی لوجک نہیں، انہیں فضل الرحمان گھسیٹ رہے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی استعفے نہیں دے گی تو یہ بھی نہیں دیں گے، دیں گے تو بسم اللّٰہ، یہ لوگ استعفےنہیں دیں گے، سینیٹ الیکشن اور ضمنی انتخاب لڑیں گے۔

شفقت محمود نےخرم دستگیر کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ استعفے دیں گے تو ہم قبول کریں گے اور ضمنی الیکشن کرائیں گے۔

تازہ ترین