• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران صاحب سال کے آخری دن بھی جھوٹ؟ مریم اورنگزیب


ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب کا وزیراعظم عمران خان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہنا ہے کہ عمران صاحب سال کے آخری دن بھی جھوٹ؟ عمران صاحب گزشتہ جھوٹ پر توبہ کے بجائے مزید جھوٹ بول رہے ہیں۔

 مریم اورنگزیب نے کہا کہ ایک کروڑ نوکری کے حساب سے اب تک پچاس لاکھ لوگوں کو نوکریاں مل جانی چاہیے تھیں؟۔

ترجمان مسلم لیگ ن نے کہا کہ عمران صاحب گھر جائیں تاکہ لوگوں کے ذاتی گھر اور نوکریاں بچ جائیں، آپ ڈھائی سال بعد اب ڈھائی لاکھ نوکریوں کی بات کررہے ہیں؟ توبہ، توبہ۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ جن کا اپنا ذاتی گھر اے ٹی ایمز اور مافیاز نے بنایا ہو وہ عوام کو گھر نہیں دے سکتا۔

انہوں نے کہا کہ عوام آپ کی کسی بات پر یقین نہیں کرتے، گھر اور نوکری نہیں صرف آپ سے نجات چاہتے ہیں، آپ کا سو دن اور 90 دن کا پلان فیل، عوام اب صرف روانگی کا پلان سننا چاہتے ہیں۔


مریم اورنگزیب نے کہا کہ پہلے مرحلے میں عوام کو گھر نہیں چاہیے، اب انہیں آپ کا گھر جانا چاہیے۔

ترجمان مسلم لیگ ن نے کہا کہ پاکستان کے  باشعور عوام ایک سوراخ سے دوسری دفعہ خود کو ڈسوانے کیلئے تیار نہیں ہیں۔

 مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران صاحب عوام سے جھوٹ نہ بولیں، بیوقوف بنانے کا دھندہ اب نہیں چلے گا۔

تازہ ترین