پاکستانی نژاد برطانوی خاتون ایمپائر اور کوچ سلمیٰ بی کو ممبر برٹش ایمپائر (ایم بی ای) ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔
ملکہ برطانیہ نے سلمیٰ بی کو ممبر برٹش ایمپائر (ایم بی ای)ایوارڈ دینے کی منظوری دے دی ہے، ملکہ برطانیہ نے نئے سال کی آنر لسٹ میں سلمیٰ بی کے نام کی منظوری دے دی۔
سلمیٰ بی کو کرکٹ کی دنیا میں خدمات انجام دینے پر ایم بی ای ایوارڈ سے نوازا جائے گا، وہ خواتین اور معذور افراد میں کرکٹ کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کررہی ہیں۔
ای سی بی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ٹام ہیریسن کا کہنا ہے کہ ’سلمیٰ بی اس ایوارڈ کی حق دار ہیں کیونکہ وہ ایک بہترین مثالی خاتون ہیں جنہوں نے بے شمار خواتین کے لیے کرکٹ کی راہیں ہموار کیں۔‘
سلمیٰ بی جنوبی ایشیا سے تعلق رکھنے والی پہلی خاتون ایمپائر ہیں، وہ برطانیہ میں کاؤنٹی کرکٹ کھیلنے والی پہلی برٹش مسلمان خاتون کا اعزاز بھی اپنے نام کرچکی ہیں۔
سلمیٰ نے اس اعزاز کیلئے نامزد ہونے کے بعد خوشی کا اظہار کرتی ایک سوشل میڈیا پوسٹ بھی شیئر کی۔
پاکستانی نژاد خاتون کو اس سے قبل 2009 میں بہترین کارکردگی دکھانے پر ایشین ایوارڈ سے بھی نوازا جاچکا ہے۔