• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وائٹ ہاؤس میں اعلیٰ عہدے پر فائز پہلا پاکستانی نژاد امریکی کون؟

امریکی نو منتخب صدر جو بائیڈن نے اپنی کلائمیٹ ٹیم کے لیے پاکستانی نژاد علی زیدی کی بطور ’ڈپٹی نیشنل کلائمیٹ ایڈوائزر‘ نامزدگی کا اعلان کیا ہے۔

پاکستان میں پیدا ہونے والے 33 سالہ علی زیدی اب تک وائٹ ہاؤس کے کسی بھی اعلیٰ عہدے پر فائز ہونے والے پہلے پاکستانی نژاد امریکی ہیں۔

علی زیدی پاکستان سے ہجرت کے بعد پنسلوینیا کے رسٹ بیلٹ میں پلے بڑھے ہیں۔ انہوں نے اوباما انتظامیہ کے کلائمیٹ ایکشن پلان کے مسودے اور اس پر عمل درآمد میں مدد اور پیرس معاہدے پر بات چیت میں بھی معاونت فراہم کی تھی۔


جو بائیڈن نے اپنی کلائمیٹ اینڈ انرجی ٹیم کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ منتقلی کے پہلے روز ہی ماحولیاتی تبدیلیوں کے باعث دنیا کو درپیش مسائل سے نمٹنے کے لیے اپنے ایجنڈے کو آگے بڑھائیں گے۔

نامزدگی کے بعد علی زیدی نے اپنے ایک ٹوئٹ میں لکھا کہ ’ماحولیاتی بحران سے نمٹنے کے لیے ہمیں حکومت کے ایک مکمل طرز عمل کی ضرورت ہے جس سے ملازمتوں کے مواقعے پیدا ہوں اور انصاف پھلے پھولے۔‘


انہوں نے لکھا کہ جب نومنتخب صدر جوبائیڈن نے مجھے فون کیا تو میں حیران تھا، میں اب بھی حیران ہوں اور یہ میرے لیے اعزاز ہے۔

بائیڈن کی ٹرانزیشن ٹیم نے بھی ایک پریس ریلیز جاری کی ہے جس میں علی زیدی کو ماحولیات کا ماہر اور نو منتخب صدر کا دیرینہ مشیر بتایا گیا ہے۔

علی زیدی جینا میک کیرتھی کے نائب کی حیثیت سے خدمات انجام دیں گے، یہ جو بائیڈن انتظامیہ کے ڈومیسٹک کلائمیٹ ایجنڈے کو مربوط کرنے کے لیے اہم عہدہ سمجھا جاتا ہے۔

تازہ ترین