• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آصف زرداری اور نواز شریف کی سوچ میں ہم آہنگی ہے، احسن اقبال

اپوزیشن کی سب سے بڑی جماعت مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما احسن اقبال نے انکشاف کیا ہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی سوچ میں ہم آہنگی ہے۔

جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں اظہار خیال کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا ہے کہ ہماری جدوجہد عمران خان کو ہٹانے کی نہیں پاکستان کو آئین کے مطابق کھڑا کرنے کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے قومی احتساب بیورو (نیب) کے دفتر کے سامنے احتجاج کرنے کا فیصلہ کیا ہےجبکہ 19 جنوری کو پی ڈی ایم الیکشن کمیشن کے سامنے مظاہرہ کرے گی۔


ن لیگی رہنما نے کہا کہ عمران خان فارن فنڈنگ کیس میں این آر او پر چل رہے ہیں، نیب کا اور پی ڈی ایم کا سیاسی کلینڈر مل کر چلتا ہے، ہم اداروں پر دباؤ نہیں ڈال رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت مخالف لانگ مارچ کا حتمی فیصلہ ابھی ہونا باقی ہے، عمران خان نے اپنی ناکامی کے سائے قومی اداروں پر ڈال کر ان کا امیج خراب کیا ہے۔

احسن اقبال نے انکشاف کیا کہ کل کی ملاقات میں فضل الرحمٰن نے محمد علی درانی سے کہہ دیا ہے کہ جب تک عمران خان ہے مذاکرات نہیں ہوسکتے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جیل میں کوئی شخص حکومت کی اجازت کے بغیر کسی بھی قیدی سے نہیں مل سکتا۔

ن لیگی رہنما نے یہ بھی کہا کہ جب بھی اپوزیشن اتحاد کو محسوس ہوگا کہ استعفوں سے یہ حکومت گرسکتی ہے تو ہم استعفے نکال لیں گے۔

تازہ ترین